الپچینو کے لیے نیشنل میڈل آف آرٹس

امریکی اداکار الپچینو کو وائٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں امریکی صدر براک اوباما نے نیشنل میڈل آف آرٹس دیا ہے۔

صدر اوباما نے اکہتر سالہ اداکار کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی کردار کی ادائیگی میں ان کی ’مخصوص شدت‘ قابلِ تعریف ہے۔

الپچینو کو گاڈ فادر سیریز میں ان کی اداکاری کے لیے دنیا بھر میں پہچانا جاتا ہے۔ انہیں سنہ انیس سو بانوے میں آسکر ایواڈ بھی مل چکا ہے۔

اس تقریب میں الپچینو کے علاوہ امریکی لوک گلوکارہ میل ٹیلیس اور شاعرہ ریٹا ڈوو سمیت سولہ دیگر افراد اور تنظیموں کو بھی میڈل دیے گئے۔

اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’آج جن افراد کی عزت افزائی کی گئی ہے انہوں نے امریکی ثقافت پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم بطور انسان تقسیم ہو چکے ہیں لیکن پھر اچانک فن کی طاقت ہم سب کو جوڑ دیتی ہے‘۔