’امیتابھ کا ایک اور آپریشن ہوگا‘

 امیتابھ بچن اپنی بیگم جیہ بچن کے ہمراہ تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption امیتابھ بچن 180 بھارتی فلموں میں کام کر چکے ہیں

پیٹ کے آپریشن کے بعد رو بہ صحت معروف بھارتی اداکار امیتابھ بچن نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتایا ہے کہ انہیں ایک اور آپریشن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

گزشتہ سنیچر کو ممبئی کے سیون ہلز ہسپتال میں امیتابھ بچن کا آپریشن کیا گیا تھا۔

اس آپریشن کے بعد امیتابھ کے اہلِ خانہ اور معالجین نے اس آپریشن کی کامیابی کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ امیتابھ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

انہیں رواں ہفتے ہسپتال سے فارغ کیا جانا تھا تاہم اب خود ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ان کا قیام طویل ہو سکتا ہے۔

جمعرات کو رات گئے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ ’ کچھ اور ٹیسٹ اور او ٹی (آپریشن تھیٹر) کا ایک اور دورہ۔ یہ ایک طویل قیام ہوگا۔ میں نہیں جانتا کہ کتنا وقت اور لگے گا لیکن لگ رہا ہے کہ خاصا طویل ہوگا۔ آپ کے پیار اور دعاؤں کا شکریہ‘۔

انہتر سالہ امیتابھ کو معدہ کی خرابی کی پرانی شکایت رہی ہے۔ انھیں پچھلی بار سن دو ہزار آٹھ میں پیٹ میں درد کی شکایت کے بعد ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

اس سے قبل دو ہزار پانچ میں اسی ہسپتال میں ان کی آنتوں کی سرجری ہوئی تھی۔

سنہ انیس سو بیاسی میں فلم ’قلی‘ کے سیٹ پر ایک خطرناک حادثے میں امیتابھ بچن کے پیٹ میں شدید چوٹ لگی تھی جس سے ان کی انتڑیوں کو کافی نقصان پہنچا تھا۔ اس کے بعد سے وہ پیٹ کی بیماری کا شکار رہے ہیں۔

امیتابھ بچن گزشتہ چالیس برس سے بھارتی سینما پر چھائے ہوئے ہیں اور وہ اب تک ایک سو اسّی بھارتی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔

گذشتہ سال وہ ایک بار پھر سے کون بنے گا کروڑ پتی کے میزبان کے طور ٹیلی ویژن پر واپس آئے۔ یہ ٹی وی شو بھارت کے مقبول ترین شو میں سے ایک ہے۔

اس کے علاوہ امریکی فلم کمپنی وارنر برادرز کے ایک پروڈیوسر کے مطابق امیتابھ بچن پہلی بار ہالی وڈ کی ایک فلم میں ایک یہودی جواری کا کردار ادا کررہے ہیں۔

بارہ کروڑ ساٹھ لاکھ ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلم میں مرکزی کردار اداکار لیونارڈو ڈی کیپریو ادا کر رہے ہیں۔

.

اسی بارے میں