میرا نے بھی جیون ساتھی چُن لیا

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان کی فلم اداکارہ میرا نے امریکہ کی ایک نجی ایئر لائن کے پائلٹ کیپٹن نوید خالد پرویز کو اپنا جیون ساتھی چن لیا ہے۔

یہ اعلان میرا کی والدہ شفقت زہرہ نے اتوار کی شب اپنے گھر ایک تقریب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیا۔

اداکارہ میرا کی ڈیفنس میں واقع رہائش گاہ پرہونے والی تقریب میں کیپٹن نوید نے اپنے رشتہ داروں کے ہمراہ شرکت کی اور اس تقریب میں میرا اور نوید خالد پرویز کا رشتہ طے کرنے کی رسم ادا کی گئی۔

لاہور میں بی بی سی کے نامہ نگار عبادالحق کے مطابق کیپٹن نوید خالد پرویز اپنے گھر والوں کے ساتھ میرا کا رشتہ مانگنے کے لیے اسی ہفتے امریکہ سے پاکستان پہنچے تھے۔ میرا کی والدہ کے مطابق کیپٹن نوید کے گھر نے میرا کا ان سے رشتہ مانگا جس پر انہوں نے یہ رشتہ قبول کرتے ہوئے’ ہاں ‘ کردی ہے۔

اداکارہ میرا تو تقریب کے بعد میڈیا کے سامنے نہیں آئیں تاہم کیپٹن نوید نے میڈیا سے بات کی اور کہا کہ وہ بہت خوش ہیں اور جلد ہی منگنی کے رسم ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ان کی میرا کے ساتھ شادی اس سال کے آخر میں ہوگی۔

نوید خالد پرویز نے بتایا کہ ان کی میرا سے پہلی ملاقات سال دو ہزار نو میں نیویارک میں ہوئی تھی۔ انہوں نے ان اطلاعات کو بے بنیاد قرار دیا کہ وہ پہلے سے شادی شدہ ہیں اور ان کی بائیس ماہ کی ایک بیٹی بھی ہے۔

میرا سے پہلے فلم ہدایتکار اور اداکارہ ریما نے بھی امریکہ میں مقیم سرجن ڈاکٹر طارق شہاب سے گزشتہ سال شادی کی اور اب وہ امریکہ میں ہی مقیم ہیں۔

میرا کے گھر ہونے والی تقریب میں فلمی صنعت سے کسی شخصیت کو مدعو نہیں کیا گیا تھا تاہم اداکارہ لیلیْ میرا کو مبارک باد دینے کے لیے ان کے گھر پہنچیں۔

ادھر مقامی میڈیا کے مطابق میرا کے شوہر ہونے کے دعویدار عتیق الرحمان نے اپنے درعمل میں کہا کہ میرا نکاح پر نکاح نہیں کرسکتیں اور بقول ان کے اگر انہوں نے ایسا کیا تو قانونی چارہ جوئی کے لیے عدالت سے رجوع کریں گے۔

خیال رہے کہ دوسال قبل عتیق الرحمان نامی ایک برنس مین نے اداکارہ میرا کا شوہر ہونے کا دعویْ کیا تھا اور یہ تنازعہ لاہور کی ایک عدالت میں زیر سماعت رہا۔

اسی بارے میں