’اسامہ پر فلم کی شوٹنگ چندی گڑھ میں‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption كیتھرین بگلو نے سنہ دو ہزار آٹھ میں فلم ’ہرٹ لاكر‘ کے لیے بہترین ہدایتکارہ کا آسکر ایوارڈ جیتا تھا

آسکر انعام یافتہ ہالی وڈ ہدایت کارہ كیتھرین بگلو اسامہ بن لادن پر بنائی جانے والی اپنی نئی فلم کی شوٹنگ بھارتی شہر چندی گڑھ میں کر رہی ہیں۔

اطلاعات کے مطابق بگلوگزشتہ آٹھ سے دس دنوں سے بھارت میں ہیں۔

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن دو مئی 2011 کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں امریکی خصوصی افواج کی ایک کارروائی میں ہلاک ہوگئے تھے۔

پاکستان میں سکیورٹی خدشات کی بناء پر غیر ملکی فلمسازوں کے لیے وہاں شوٹنگ کرنا مشکل ثابت ہوتا رہا ہے۔

اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے آپریشن پر بنائی جا رہی اس فلم کا نام ابھی طے نہیں ہوا ہے لیکن ہدایت کارہ بگلو اور فلم ساز ادارے سونی پكچرز کو امید ہے کہ فلم رواں سال اکتوبر میں ریلیز ہو سکے گی۔

كیتھرین بگلو نے سنہ دو ہزار آٹھ میں فلم ’ہرٹ لاكر‘ کے لیے بہترین ہدایتکارہ کا آسکر ایوارڈ جیتا تھا۔ یہ. فلم عراق جنگ کے دوران کام کرنے والے ایک امریکی بم ڈسپوزل سکواڈ کے بارے میں تھی۔

بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق بگلو نے شوٹنگ کے لیے چندی گڑھ کی ایک مارکیٹ کو پاکستانی شہر لاہور کی شکل دی ہے۔

اخبار لکھتا ہے کہ شوٹنگ کے لیے ’کئی دکانوں کے سائن بورڈ اردو میں بنائے گئے، ركشاؤں پر لاہور کی نمبر پلیٹیں لگائی گئیں اور چندی گڑھ اور انبالہ کے اداکار اور ادکارائیں برقعہ پوش خواتین اور شلوار قمیض پہنے لاہوری شہریوں کے روپ میں سڑکوں پر چلتے پھرتے نظر آئے‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ ایسی اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ اسامہ بن لادن کے مارے جانے سے متعلق ممکنہ خفیہ معلومات ڈائریکٹر كیتھرن بگلو کو دی گئی تھیں تاہم وائٹ ہاؤس نے اس خبر کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا تھا۔