وٹنی ہوسٹن کی ہر چیز بیٹی کے نام

وٹنی اور ان کی بیٹی بوبی کرسٹینا تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption گلوکارہ وٹنی ہوسٹن اور ان کی بیٹی بوبی کرسٹینا براؤن کی ایکل یادگار تصویر

معروف و مقبول گلوکارہ وٹنی ہوسٹن نے اپنی وصیت میں اپنی ہر چیز اپنی واحد اولاد انیس سالہ بیٹی بوبی کریسٹینا براؤن کو وراثت کی ہے۔

وصیت میں خصوصی اثاثوں کا تو ذکر نہیں ہے لیکن وٹنی ہوسٹن سے قریبی تعلق رکھنے والی ایک شخصیت کے مطابق اس میں وٹنی کے تمام ملبوسات، ذاتی اشیا، زیورات اور کاریں شامل ہیں۔

وصیت بدھ سات مارچ کو اٹلانٹا میں پیش کی گئی اور اس کے مطابق گلوکارہ کا تمام سرمایا ایک ٹرسٹ کو دیا جائے گا۔

ان کی منیجر اور خواہرِ نسبتی پیٹریشیا ہوسٹن کو جائداد کا ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا گیا ہے۔

وٹنی کی والدہ سِسی ایگزیکیوٹر کے فرائص انجام دیں گی جب کہ ان کی ایک نسبتی بہن ڈونا اور بھائی مائکل ٹرسٹی ہوں گے۔

بوبی کو بھی سرمائے کا کچھ حصہ ملے گا لیکن اس وقت جب وہ اکیس سال کی ہو جائیں گی۔

اس کے علاوہ بھی انہیں وراثت میں سے کچھ اور حصہ ملے گا لیکن تب جب وہ پچیس سے تیس سال کی عمر کو پہنچیں گی۔

اس کے علاوہ وٹنی ہوسٹن کے ٹرسٹی بوبی کو تعلیم، گھر کی خریداری اور کاروبار شروع کرنے کے لیے رقم فراہم کر سکیں گے۔

اس وصیت پر تین فروری 1993 کو اس وقت دستخط کیے گئے تھے جب ان کے ہاں بیٹی کی ولادت ہونے والی تھی۔

وٹنی اڑتالیس سال کی عمر میں گزشتہ ماہ گرامی میوزک ایوارڈ سے قبل انتقال کر گئی تھیں۔

اسی بارے میں