تھائی لینڈ:میک بیتھ کی فلمی شکل پر پابندی

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption یہ فلم ایک تصوراتی ملک کی کہانی پر مبنی ہے

تھائی لینڈ میں برطانیہ کے مشہور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپئیر کے ڈرامے میک بیتھ کو فلمی شکل میں نمائش کے لیے پیش کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

تھائی سنسر بورڈ نے میک بیتھ کو بڑی سکرین پر دکھانے کی اجازت دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کر کے انہوں نے تھائی معاشرے کو منقسم ہونے سے بچا لیا ہے۔

تھائی لینڈ میں بنائی جانے والی اس فلم کا نام ’شیکسپئیر مسٹ ڈائی‘ رکھا گیا ہے اور سنسر بورڈ کا کہنا ہے کہ اس میں ایسا مواد موجود ہے جو ملک میں انتشار کا باعث بن سکتا ہے۔

یہ فلم ایک تصوراتی ملک کی کہانی پر مبنی ہے لیکن اس میں تھائی لینڈ کے سیاسی حالات کی ایک جھلک بھی ملتی ہے۔

اس فلم کا ایک کردار جو فوجی جنرل ہے، اپنے بادشاہ کو قتل کر کے اقتدار پر قبضے کی کوشش کرتا ہے۔ تھائی لینڈ میں شاہی خاندان کے حوالے سے بات چیت ایک حساس معاملہ ہے۔

یاد رہے کہ سنہ دو ہزار دس میں تھائی لینڈ میں حکومت مخالف مظاہرین اور فوج کے درمیان فسادات میں نوے سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔