نیویارک: شاہ رخ کی حراست اور رہائی

Image caption شاہ رخ کا شمار بھارت کے صفِ اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار شاہ رخ خان نے تصدیق کی ہے کہ انہیں ایک بار پھر نیویارک کے ایک نجی ائیر پورٹ پر امریکی امیگریشن حکام نے ڈیڑہ گھنٹے تک تحویل میں لیا تھا۔

یہ بات ادکار شاہ رخ خان نے نیویارک کی پڑوسی ریاست کنکیٹیکٹ میں قائم معروف امریکی ییل یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ سے خطاب کے دوران کہی جسے امریکہ کی مقامی جنوبی ایشیائي الیکٹرانک میڈيا نے بھی نشر کیا۔

ییل یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، فیکلٹی ممبران اور اساتذہ سے بھرے آڈییٹوریم ہال میں اپنے خطاب کے شروع میں شاہ رخ خان نے دیر سے پہنچنے پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پھر امریکی امیگریشن حکام نے روک کر اپنی تحویل میں رکھا۔

بھارت میں ہندی فلموں کے مشہور اداکار نے ازراہِ مذاق کہا ’میں جب بھی خود کو مغرور محسوس کرتا ہوں تو امریکہ چلا آتا ہوں جہاں امریکی امیگریشن حکام کی لات مجھے سیدھا کردیتی ہے۔‘

اطلاعت کے مطابق، شاہ رخ خان منگل کو ممبئي سے ہندوستان کے ارب پتی خاندان نینتا امبانی کے ہمراہ ان کے ذاتی طیارے میں نیویارک کے علاقے وائیٹ پلینس کے ائير پورٹ پر اترے تھے جہاں امریکی امیگریشن حکام نے مبینہ طور انہیں ڈيڑہ گھنٹے تک روکے رکھا اور سوالات کرتے رہے۔

یاد رہے کہ اداکار شاہ رخ خان کو امریکی امیگریشن حکام کی طرف سے ائيرپورٹ پر روکے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل سنہ دو ہزار نو میں بھی انہیں نو آرک ائيرپورٹ پر روکا گیا تھا۔

اسی بارے میں