سگریٹ نوشی: شاہ رخ خان کی عدالت میں طلبی

 بالی ووڈ ہیرو شارخ خان
Image caption شاہ رخ خان آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈر کے مالک ہیں

راجستھان کی ایک عدالت نے بالی ووڈ ہیرو شارخ خان کو عام مقامات پر سگریٹ نوشی کرنے کے معاملے میں طلب کیا ہے۔

شاہ رخ خان کو 26 مئی کو جے پور کی ایک عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

شاہ رخ خان پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ آٹھ اپریل کو آئی پی ایل کے ایک میچ کے دوران سٹیڈیم میں کھلے عام سگریٹ نوشی کر کے سگریٹ نوشی سے متعلق قانون کے خلاف ورزی کی ہے اور ایک غلط مثال پیش کی ہے۔

جے پور کے سٹیڈیم میں شاہ رخ کو سگریٹ پینے کی اجازت دینے کے اس معاملے میں پولیس نے گزشتہ 13 اپریل کو راجستھان کرکٹ ایسو سی ایشن کو دو سو روپے جرمانہ بھی کیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حالانکہ جرمانے کی رقم بہت کم ہے لیکن اس کا پیغام بڑا ہے۔

شاہ رخ خان آئی پی ایل کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈر کے مالک ہیں اور ان کے خلاف یہ مقدمہ جے پور کے ایک شہری اے ایس راٹھور نے دائر کیا ہے۔

راٹھور کے وکیل کا کہنا ہے کہ جب فلمی ستارے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو وہ معاشرے کے لیے ایک غلط مثال پیش کرتے ہیں۔

اسی بارے میں