’فلموں میں آنے سے کسی نے منع نہیں کیا‘

کرینہ اور کرشمہ کپور تصویر کے کاپی رائٹ PR
Image caption کرشمہ کپور ایک بار پھر فلمی دنیا میں واپس آرہی ہیں

طویل عرصے سے یہ عام خیال ہے کہ بالی وڈ میں ’فرسٹ فیملی‘ کے نام سے جانے جانے والے کپور خاندان نے فلموں میں اپنے خاندان کی لڑکیوں کو کام کرنے کے لیے کبھی حوصلہ افضائی نہیں کی، لیکن راج کپور کی پوتی کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ یہ بات بالکل غلط ہے۔

راج کپور کی پوتی کرشمہ اور کرینہ کپور نے فلموں میں کام کیا اور خاصی کامیابی بھی حاصل کی، لیکن مبینہ طور پر ان کے فلموں میں آنے کے فیصلے کو ان کے والد رندھیر کپور کی رضامندی حاصل نہیں تھی۔

لیکن کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ’ کپور خاندان کی لڑکیوں کو فلموں میں کام کرنے پر کبھی پابندی نہیں تھی۔ اس کے برعکس میرے دادا اور میرے والدین نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور ہمیشہ یہی کہا کہ کسی شعبے میں میں کام کرو لیکن محنت اور لگن سے کام کرو۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ’میری ماں ببیتا اور میری چچی نیتو سنگھ نے اگر شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا بند کیا تو یہ ان کا ذاتی فیصلہ تھا۔ ایسا کرنے کے لیے کپور خاندان کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں تھا۔‘

کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ ان کے دادا جنیفر کپور اور شمی کپور کی بیوی گیتا بالی نے شادی کے بعد بھی اداکاری جاری رکھی اور اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں تھا۔

کرشمہ کپور کا کہنا ہے کہ انہیں اپنی بہن کرینہ کپور اور چچا زاد بھائی رنبیر کپور پر فخر ہے کہ وہ کپور خاندان کی چوتھی نسل کی فلموں میں کامیابی سے نمائندگی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ کرشمہ کپور کئی برس کے وقفے کے بعد فلم ’ڈینجرس عشق‘ کے ساتھ فلموں میں واپسی کر رہی ہیں۔

اسی بارے میں