’شاہ رخ خان بھارتی ثقافت کے عالمی سفیر ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ pr

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے مداح بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موجود ہیں۔بیرون ممالک میں ان کی مقبولیت اتنی زیادہ ہے کہ انہیں ایک طرح سے بھارت کا ثقافتی سفیر سمجھا جاتا ہے۔

مراکش میں ڈی وی ڈی کی ایک دکان کے مالک توفیق کو آج بھی وہ لمحہ یاد ہے جب انہوں نے پہلی مرتبہ اپنے آئیڈیل شاہ رخ خان کو دیکھا تھا۔ توفیق کا کہنا ہے کہ شاہ رخ کو دیکھ کر نہ تو وہ اپنا ہاتھ ہلا سکے اور نہ ہی کچھ بول سکے۔

شاہ رخ خان گزشتہ دسمبر میں مراکش فلم فیسٹیول میں شرکت کے لیے گئے تھے اور وہاں شاہی انداز میں ان کا خیر مقدم کیا گیا۔ وہ مراکش کے بادشاہ کی مہمان تھے جنہوں نے انہیں ملک کے اہم قومی اعزاز سے نوازا۔ یہ اعزاز پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی کو دیا گیا تھا۔

دو دسمبر کو جب شاہ رخ خان نے مراکش فلم فیسٹیول پہنچ کر اپنی کار سے باہر قدم رکھا تو ان کے مداح ان پر ٹوٹ پڑے۔ توفیق بھی انہیں ہزاروں مداحوں میں شامل تھے۔

شاہ رخ نے یہ کہہ کر مراکش کے لوگوں کا دل جیت لیا کہ ان کے مرحوم والد کی خواہش تھی کہ وہ ایک مرتبہ مراکش ضرور جائیں کیونکہ ان کے خیال میں مراکش دنیا کا سب سے خوبصورت ملک ہے ۔

جرمنی میں بالی وڈ میگزین ’عشق‘ کی ایڈیٹر جولیا ویسل کا کہنا ہے کہ شاہ رخ صحیح معنوں میں بھارتی ثقافت کے عالمی سفیر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خان جرمنی میں سب سے زیادہ مقبول فلمسٹار ہیں۔

ہنوور میں ایک ملٹی پلکس کے ایک سٹاف کا کہنا تھا کہ جرمنی میں بالی وڈ کا مطلب ہے شاہ رخ خان اور جرمنی کی خواتین میں وہ بہت مقبول ہیں۔

یورپ کے دوسرے علاقوں میں بھی شاہ رخ خان کے بہت مداح ہیں۔