بالی وڈ راؤنڈاپ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

شادی کو پوچھے تو کوئی

قطرینہ کیف تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption قطرینہ کیف کو بالی وڈ کی نمبر ون اداکارہ مانا جارہا ہے

بالی ووڈ اداکارہ قطرینہ کیف نے حال ہی میں کہا ہے کہ شادی کے لیے ضروری ہے کہ کوئی اس بابت ان سے پوچھے تو۔ ابھی تک کسی نے انہیں یہ آفر نہیں دیا ہے۔ جب کوئی دے گا تو وہ سب کو بتائیں گی۔

سلمان خان اور پھر رنبیر کپور کے ساتھ قریبی دوستی کی خبروں کے بعد سے قطرینہ کیف کے فین کے پاس کوئی تازہ خبر نہیں ہے کہ ان کی زندگی میں کیا ہو رہا ہے۔

بہر حال ان کے چاہنے والوں کے ذہن میں اکثر یہ سوال رہتا ہے کہ آخر قطرینہ شادی کب کر رہی ہیں۔ قطرینہ کیف نے اپنے اس جواب سے فی الحال اس قسم کے سوالات کو ٹال دیا ہے۔

میں معافی کیوں مانگوں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption شاہ رخ خان پر الزام ہے کہ انہوں نے نشے کی حالت میں بدتمیزی کی ہے

شاہ رخ خان پر مہاراشٹر کرکٹ ایسوسی ایشن نے وانکھیڑے سٹیڈیم میں داخل ہونے پر پانچ سالوں کی پابندی عائد کر دی ہے۔ ان پر سٹیڈیم کے سیکورٹی گارڈ سے بدتمیزی اور گالی گلوج کرنے کا الزام ہے۔ لیکن شاہ رخ کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسا کچھ نہیں کیا ہے جس کے لیے وہ معافی مانگیں بلکہ ان سے معافی مانگی جانی چاہیے۔

شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ انھوں نے ویسا ہی بیان کیا ہے جیسا ایک لڑکی کے والد کا ہونا چاہیے۔ ان کے ساتھ جو بچے سٹیڈیم گئے تھے ان میں لڑکیاں بھی شامل تھیں جن سے سیکورٹی والوں نے بدتمیزی کی اور یہ بات قطعی طور پر ناقابل برداشت ہے۔

تتلیوں کے پیچھے بھاگنا چھوڑ دیا

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
Image caption انوراگ کشیپ سنجیدہ فلمیں بناتے ہیں

فلم ’دیو ڈی‘ کی کامیابی کے بعد سے بھارتی فلم میں ہدایتکار انوراگ کیشیپ اب ایک جانا پہچانا نام ہے۔ ان کی اگلی فلم گینگز آف واسے پور کان فلم وسٹیول میں دکھائی جا رہی ہے۔ انوراگ کہتے ہیں کہ جب تک ہم تتلیوں کے پیچھے بھاگتے ہیں ہم انھیں پکڑ نہیں پاتے ہیں اور جب بھاگنا چھوڑ دیتے ہیں تو وہ خود کندھے پر آکر بیٹھ جاتی ہیں۔ انھوں نے ایسا ہی کیا اور کامیابی خود چل کر ان کے گھر تک آ گئی۔ انوراگ کی چار فلمیں بننے کے بعد ڈبے میں بند ہو گئیں تھیں اور ریلیز نہیں ہو پائی تھیں۔

کہانی راکھی کی

تصویر کے کاپی رائٹ PR Agency
Image caption راکھی ساونت اپنے متنازعہ بیانات کے لیے مشہور ہیں

ودیا بالن کی فلم کہانی اب بنگالی میں بھی بنائی جائے گی اور اس میں اہم کردار راکھی ساونت نبھائیں گی یعنی وہ لیڈ رول میں ہوں گی۔ خبروں میں یہ باتیں ضرور آ رہی ہیں لیکن ابھی ان کی صداقت کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔

ودیا بالن سے جب اس بارے میں پوچھا گیا کہ اگر ان کا کردار راکھی نبھائیں تو انہیں کوئی اعتراض تو نہیں ہوگا تو انکا کہنا تھا کہ انھوں نے راکھی کو ہمیشہ ایک خوش مزاج اور چلبلی لڑکی کے طور پر دیکھا ہے۔ وہ راکھی کے جذبے کی قدر کرتی ہیں اور راکھی کو اس کردار میں دیکھنا ان کے لیے دلچسپ ہوگا۔

اسی بارے میں