اداکار و صداکار ابراہیم نفیس انتقال کر گئے

pakistan actor ibrahim nafees تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service

پاکستان میں فلم اور ریڈیو کے نامور اداکار اور صداکار ابراہیم نفیس انتقال کر گئے ہیں، ان کی عمر ستر برس تھی۔

دو سال پہلے ان کی آنکھ پر چوٹ لگی تھی، جس کے بعد سے ان کی بینائی جاتی رہی پچھلے دنوں، جب انہیں ہپستال میں داخل کیا گیا تو صحت مزید بگڑ گئی اور گزشتہ روز ان کا انتقال ہوگیا ہے۔

ابراہیم نفیس کی پیدائش ہندوستان کے شہر آگرہ میں ہوئی، جہاں وہ اپنے ننھیال میں رہتے تھے، انہوں نے پرائمری تعلیم جونپور سے حاصل کی بعد میں ان کا خاندان پاکستان منتقل ہوگیا ۔

پاکستان میں تعلیم کے دوران انہیں برطانیہ کی اسکالرشپ ملی، جس کے بعد آئندہ دو سالوں تک انہوں نے برطانیہ میں اسکول آف ڈرامہ میں تعلیم حاصل کی، جس کے بعد وہ ریڈیو پاکستان سے منسلک ہوگئے، انہوں نے ریڈیو حیدرآباد اور ریڈیو پشاور کے لیے بھی کام کیا۔

ابراہیم نفیس نے پاکستان میں کئی فلموں میں کام کیا، جس میں ہیرا اور پتھر میں ان کی اداکاری کو بہت پسند کیا گیا، انہوں نے صبیحہ خانم اور نیئر سلطانہ کے ساتھ بھی کام کیا مگر انہیں اداکاراؤں میں نیلو پسند تھیں۔

پاکستان کی فلمی صنعت کے زوال کے بعد انہوں نے فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی اور پاکستان ٹیلیویژن کے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے شروع کیئے، بقول ان کے انہیں اشفاق احمد کی ڈرامہ سیریل ایک حقیقت ایک افسانہ سب سے زیادہ پسند تھی۔

ابراہیم نفیس نے ٹی وی کے علاوہ اسٹیج کو بھی جاری رکھا۔ انہوں نے اداکار اور ڈائریکٹر عمر شریف کے شہریت یافتہ اسٹیج شو بکرا قسطوں میں بھی کام کیا تھا۔

ابراہیم نفیس نے اپنے پسماندگان میں دو بیواؤں ، ایک بیٹی اور دو بیٹوں کو سوگوار چھوڑا ہے، ان کی نمازِ جنازہ پیر کو ادا کی جائیگی۔

اسی بارے میں