مائیکل ہینکے نے ’پام ڈی اور‘ جیت لیا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

کانز کے مشہور عالمی فلمی میلے میں آسٹریا کے ڈائریکٹر مائیکل ہینکے نے’ پام ڈی اور‘ ایوارڈ جیت لیا ہے۔

فرانس کے ساحلی شہر کانز منعقدہ پینسٹھویں کانز فلمی فیسٹیول میں انہیں فلم ’لو‘ پر یہ ایوارڈ دیا گیا ہے۔

مائیکل ہینکے نے کانز فلمی میلے میں دوسری بار یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اس سے پہلے انہیں سال دو ہزار نو میں فلم ’دی وائٹ ربن‘ پر پام ڈی اور ایوارڈ دیا گیا تھا۔

مائیکل ہینکے کی فلم ’لو‘ جب گزشتہ ہفتے فلمی میلے میں دکھائی گئی تھی تو اس وقت ہی انہیں ایوارڈ کے لیے فیورٹ قرار دیا گیا تھا۔ اس فلم کی کہانی ایک عمر رسیدہ جوڑے کے تعلقات پر مبنی ہے جس میں بیوی پر فالج کے کئی حملے ہوتے ہیں۔

اس کے علاوہ ڈنمارک کے اداکار میڈز میکلسن کو فلم ’دی ہنٹ‘ میں اداکاری پر بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

رومانیہ کی فلم ’دی ہلز‘ میں کام کرنے والی اداکارہ کرسٹینا فلیوچر اور کوسمینا سٹریٹن کو مشترکہ طور پر بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔

برطانوی ڈائریکٹر کن لوچ کو فلم اینجلز شیئر پر جیوری پرائز دیا گیا ہے۔

فلم ’اینجلز شیئر‘ ایک مزاحیہ فلم ہے جس میں اپنی زندگی میں تبدیلی کے خواہش مند باغی لڑکوں کا ایک گروپ شراب تیار کرنے والی فیکٹری کا دورہ کرتے ہیں۔

اسی بارے میں