سری دیوی کی فلموں میں واپسی

سری دیوی تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption سری دیوی اپنے زمانے کی کافی مقبول اداکارہ رہی ہیں۔

اپنے زمانے کی معروف اداکارہ سری دیوی ایک بار پھر بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔

بالی وڈ اداکارہ سری دیوی فلم ’انگلش ونگلش‘ میں نظر آئیں گی۔

انہوں نے سنہ انیس سو ننانوے میں فلم ’جدائی‘ کے بعد اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

انہوں نے فلموں سے دوری کے دوران شادی کی اور ان کے دو بیٹے ہیں۔

فلم انگلش ونگلش کی پروڈیوسر آر بالکی کے بیوی گوری شنڈے ہیں اور بطور ہدایت کار یہ ان کی پہلی فلم ہو گی۔

ہدایت کار آر بالکی کے مطابق’فلم تقریباً مکمل ہو چکی ہے، سری دیوی بہت ہی خاص شخصیت کی مالک کے ساتھ ساتھ بہتریں اداکارہ ہیں۔’انگلش ونگلش‘ ان کے لیے بہت خاص فلم ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ خود اس فلم کی ہدایت کاری کرنا چاہتے تھے لیکن بازی ان کی اہلیہ لے گئیں۔

انہوں نے مذاق کے انداز میں کہا کہ’مجھے اپنی بیوی سے جلن ہو رہی ہے۔ انہیں مجھ سے پہلے سری دیوی کے ساتھ کام کرنے کا موقع مل گیا۔‘

فلم ’انگلش ونگلش‘ میں سری دیوی ایک ایسی شادی شدہ خاتون کا کردار نبھا رہی ہیں جو اپنے کنبے کو خوش کرنے کے لیے انگریزی زبان سیکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔

بالکی نے بتایا کہ اس فلم میں سری دیوی کے علاوہ باقی دوسرے تمام اداکار نئے ہیں اور اس میں کچھ بین الاقوامی اداکار بھی نظر آئیں گے۔

بالکی نے بتایا کہ ان کی تمام فلموں کی طرح اس میں بھی امیتابھ بچن تھوڑی دیر کے لیے نظر آئیں گے۔ اس سے قبل امیتابھ بچن اور سری دیوی نے ’خدا گواہ‘ نام کی ایک فلم میں کام کیا تھا جو انیس سو بانوے میں آئی تھی۔

سری دیوی کی اہم فلموں میں مسٹر انڈیا، چاندنی، لمحے، چالباز، صدمے شامل ہیں۔

اسی بارے میں