اب چمکے گا مادھوری کے نام کا ستارہ

مادھوری دکشت تصویر کے کاپی رائٹ pragency
Image caption مادھوری دکشت اپنے زمانے کی بہترین اداکارہ میں شمار ہوتی ہیں۔

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ مادھوری دکشت جو اپنی انوکھی مسکراہٹ کے لیے جانی جاتی ہیں اب ان کی چمک آسمان میں بھی نظر آئے گی۔

مادھوری دکشت کے مداحوں نے اورین نامی کہکشاں کے ایک تارے کا نام مادھوری دکشت رکھا دیا ہے۔

پینتالیس سالہ اداکارہ اس انوکھے تحفے سے کافی خوش ہیں اور انہوں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں لکھا ہے کہ’میں اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں انہوں نے ایک تارا میرے نام کر دیا ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل اداکار شاہد کپور کے مداحوں نے بھی اورین نامی کہکشاں میں موجود ایک ستارے کو ان کے نام سے منسوب کیا ہے۔

شاہد کپور کو ان کے یوم پیدائش پر رواں سال فروری میں یہ تحفہ دیا گیا تھا۔

اس سے قبل نیویارک میں قائم انٹرنیشنل جیوٹراپیکل سوسائٹی نام کے ادارے نے چاند کے ایک گڑھے کو معروف اداکار شاہ رخ خان کا نام دیا تھا۔

مادھوری دکشت نے’سٹار فاؤنڈیشن‘ نام کے ادارے کے ذریعے دی گئی سند کی تصویر بھی ٹوئٹر پر شائع کی ہے۔

اس سند میں یہ درج ہے کہ ایک تارا ان کے نام کیا گیا ہے۔

امریکہ میں قائم اس ادارے کے مطابق وہ ان تاروں کو نام دینے کا کام کر رہے ہیں۔ جو شخص کسی کے نام کوئی تارا کرنا چاہتا ہے وہ ان سے وہ تارا خرید سکتا ہے۔

ویب سائٹ کے مطابق سب سے کم دام کا تارا چالیس ڈالر کا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کی ویب سائٹ پر ان ہزاروں لوگوں کی فہرست بھی موجود ہے جنہوں نے کوئی تارا خریدا ہے۔