ہالی ووڈ مصنفہ نورا ایفرون کی وفات

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نورا ایفرون ہالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں کی کہانی کار تھیں

سلیپ لیس اِن سیاٹل اور وین ہیری میٹ سیلی جیسی کامیاب ہالی ووڈ فلموں کی کہانی کار اور ہدایتکار نورا ایفرون اکہتر برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

ان کے ناشر نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ نورا منگل کی رات نیویارک میں کر گئیں۔

نورا کے صاحبزادے نے امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کو بتایا کہ نورا لیوکیمیا میں مبتلا تھیں اور اسی بیماری سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث ہسپتال میں انتقال کرگئیں۔

نورا انیس سو اکتالیس میں نیویارک کے سٹیج ڈراموں کے لیے کہانیاں لکھنے والے والدین کے گھر پیدا ہوئی تھیں لیکن وہ کیلیفورنیا میں پلی بڑھی تھیں اور انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز نیویارک ٹائمز کے ہی ساتھ بطور صحافی کیا تھا۔

انہوں نے پندرہ فلموں کی کہانیاں لکھیں جس میں یو ہیو گوٹ میل ، سلک ووڈ اور ان کی آخری فلم جولی اور جولیا بھی شامل تھیں۔

ان کو تین مرتبہ آسکر انعام کے لیے نامزد کیا گیا لیکن کبھی بھی وہ یہ انعام جیت نہ سکیں۔

ان کی موت پر ان کی کامیاب فلموں میں کام کرنے والے اداکاروں بلی کرسٹل اور ٹوم ہینکس نے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اسی بارے میں