’نئے اداکار بہتر طریقے سے کام کرتے ہیں‘

شردھا کپور تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption شردھا کپور شکتی کپور کی بیٹی ہیں

ہندی فلم انڈسٹری میں یہ بات مشہور ہے کہ بالی وڈ میں جس کا کوئی نہیں ہوتا اس کا مہیش بھٹ ہوتا ہے۔

یہ بات اس لیے کہی جاتی ہے کیونکہ مہیش بھٹ اپنی فلموں میں نئے اداکاروں اور خاص طور سے ان اداکاروں کو بریک دینے کے لیے مشہور ہیں جن کا فلمی دنیا میں کوئی نہیں ہوتا ہے۔

مہیش بھٹ نے اپنے کیریئر میں کئی ہٹ فلمیں بنائی ہیں جن میں عاشقی، دل ہے کی مانتا نہیں، مرڈر، گینگسٹر، جسم قابل ذکر ہیں۔ ان سبھی فلموں میں بیشتر اداکار فلمی دنیا میں پہلی بار کام کررہے تھے۔

مہیش بھٹ نہ صرف اداکاروں بلکہ موسیقاروں اور گلوکاروں کو بھی موقع دینے کے لیے مشہور ہیں۔

ان دنوں مہیش بھٹ اپنی فلم عاشقی کا سیکوئل بنارہے ہیں اور اس فلم میں بھی انہوں نے نئے اداکاروں کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس فلم کے لیے آڈیشن کے لیے مہیش بھٹ نے یوٹیوب کے ساتھ مل کر عالمی سطح پر اداکاروں کی تلاش کے لیے ’ٹیلنٹ ہنٹ‘ کیا۔ اور پوری دنیا سے اس فلم کے لیے لوگوں کو آڈیشن کے لیے دعوت دی گئی تھی۔

لیکن مہیش بھٹ کے مطابق ان کا تجربہ کافی ناکام اور افسوسناک ثابت ہوا۔

ان کا کہنا تھا ’ہم نے سوچا تھا کہ اس ٹیلنٹ ہنٹ کے لیے یوٹیوب کے ساتھ مل کر ہم نیویارک یا برطانیہ میں بیٹھے اداکاروں سے ہاتھ ملا پائیں گے اور انہیں بالی وڈ میں کام کرنے کا موقع دیں گے لیکن تعجب کی بات ہے بیشتر لوگ آڈیشن دینے سے ڈر رہے تھے۔‘

ٹیلنٹ ہنٹ کو صحیح طریقے سے منعقد نہ کرنے کے لیے خود کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے مہیش بھٹ کہتے ہیں ’مجھے یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ کہاں غلطی ہوگئی کہ لوگ آڈیشن دیتے ہوئے ڈر رہے تھے اور انہیں یہ ڈر لگ رہا تھا کہ کہیں ان کا ویڈیو دیکھ کر ہم انہیں مسترد نہ کردیں۔‘

عاشقی 2 میں کون ادارکار کام کریں گے اس کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ مہیش بھٹ کی اس نئی فلم میں بالی وڈ کے اداکار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور اور آدیتہ رائے کپور کام کریں۔

شردھا کپور کی یہ پہلی فلم ہوگی جبکہ آدیتہ رائے کپور ’ایکشن ری پلے‘ اور ’گزارش‘ میں کام کرچکے ہیں۔

مہیش بھٹ کا کہنا ہے کہ نئے ادکاروں کے ساتھ کام کرنا بہت آسان ہوتا ہے کیونکہ ’نئے اداکار زیادہ بھروسے مند ہوتے ہیں۔ ان میں ہر وقت کچھ نیا سیکھنے کی خواہش ہوتی ہے۔‘

اسی بارے میں