پہلوان اور اداکار دارا سنگھ انتقال کر گئے

دارا سنگھ تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption دارا سنگھ نے ٹی وی 'سیریل رامائن' میں ہنومان کا کردار کیا تھا جس سے انہیں بے حد شہرت حاصل ہوئی تھی۔

بھارت کے مشہور پہلوان اور اداکار دارا سنگھ جمعرات کی صبح انتقال کرگئے ہیں۔ وہ چوراسی برس کے تھے۔

دارا سنگھ ایک پہلوان تھے جو بعد میں اداکار بن گئے تھے۔ دارا سنگھ نے فلموں کے علاوہ ٹی وی سیریل میں بھی کام کیا ہے۔ مشہور ٹی وی سیریل ’رامائن‘ میں انہوں نے ہنومان کا کردار ادا کیا تھا جس سے دارا سنگھ بے حد مقبول ہوئے تھے۔ دارا سنگھ کو لوگ ان کے اس کردار کی وجہ سے زیادہ جانتے ہیں۔

دارا سنگھ کو گزشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا لیکن ان کی طبیعت خراب ہوتی چلی گئی۔

طبیعت زیادہ خراب ہونے کے بعد ان کے گھر والے انہیں دو روز پہلے واپس گھر لے گئے تھے جہاں انہوں نے جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے سات بجے آخری سانس لی۔

دارا سنگھ کے بیٹے اور اداکار وندو نے کہا تھا کہ بیماری سے ان کے دماغ پر برا اثر ہوا ہے۔ ’اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ وہ اپنے آخری لمحات خاندان والوں کے ساتھ گزار سکیں‘۔

اداکار انوپم کھیر نے دارا سنگھ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’دارا سنگھ وہ ہستی تھے جو ایک مثال بن گئے تھے، لوگ کہاوت کے طور پر کہتے ہیں ’آپ کیا اپنے آپ کو دارا سنگھ سمجھتے ہیں‘۔

ان کا مزید کہنا تھا دارا سنگھ بہت ہی سادہ مزاج شخص تھے اور ’ان کی ہنسی بچوں جیسی تھی۔ ہوسکتا ہے کہ آج کی نسل دارا سنگھ کے بارے میں نہیں جانتی ہو لیکن ہمارے بچپن اور جوانی کی یادوں کا وہ اہم حصہ ہیں۔‘

دارا سنگھ کا جنم انیس نومبر 1928 میں بھارتی پنجاب کے امرتسر شہر کے دھرموچک ضلع میں ہوا تھا۔ان کا پورا نام دارا سنگھ رندھاوا تھا۔

لمبے چوڑے دارا سنگھ کو بچپن سے ہی کشتی کا شوق تھا اس لیے انہوں نے بچپن سے ہی کشتی کی تربیت لی اور بڑے ہوکر وہ ایک کامیاب پہلوان بنے۔

رستمِ پنجاب اور رستمِ ہند کا خطاب حاصل کرنے والے دارا سنگھ دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی کشتی میں چمپیئن رہے۔

سنہ 1968 میں انہوں نے ورلڈ ریسلنگ چیمپیئن شپ بھی جیتی۔

پہلوانی کے دور میں انہیں فلموں میں کام ملنا شروع ہوگیا تھا۔ ایسا کہا جاتا ہے کہ بڑے پردے پر بغیر قمیض کے سامنے آنے والے وہ پہلے اداکار تھے۔

'سکندر اعظم ' اور 'ڈاکو منگل سنگھ' جیسی فلموں سے اپنے کرئیر کی آغاز کرنے والے دارا سنگھ نے آخری بار سنہ دوہزار سات میں ریلیز ہونے والی فلم ' جب وی میٹ' میں اداکارہ کرینہ کپور کے دادا کا رول کیا تھا۔

بالی وڈ کی ہیروئن ممتاز کے ساتھ ان کی جوڑی کو ہٹ مانا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ دارا سنگھ نے ہندی اور پنجابی فلموں میں کام کیا ہے۔

اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ فلم پرڈیوسر بھی تھے وہ ہندی فلم 'میرا دیش اور میرا دھرم' اور پنجابی فلم ' سوا لاکھ سے ایک لڑاؤ' کے رائٹر، ہدایت کار اور پرڈیوسرر تھے۔

دارا سنگھ نے پنجابی فلموں میں بھی کام کیا ہے۔ ان کی فلم ’جگا‘ کے لیے بھارتی حکومت نے انہیں بیسٹ ایکٹر کے اعزاز سے نوازا تھا۔

دارا سنگھ سنہ 2003 میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا کے ممبر نامزد کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں