کیمرے کے سامنے برہنہ ہونا آسان نہیں

شیرلن چوپڑا تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption شیرلن چوپڑا نے پلے بوائے کے لیے عریاں تصویریں پوز کی ہیں

پلے بوائے میگزین کے لیے اپنی تصویروں سے شہرت پانے والی ماڈل شیرلن چوپڑا کا کہنا ہے کہ کیمرے کے سامنے برہنہ ہونا اور بغیر کپڑے کے خوبصورت نظر آنا آسان نہیں ہے۔

پچھلے دنوں پلے بوائے میگزین کے کور پیج پر شیرلن چوڑا کی برہنہ تصویریں شائع ہونے کے بعد سے کافی تذکرے ہیں۔

انہوں نے بی بی سی ہندی سے بات چيت میں کہا کہ دنیا کی معروف ترین میگزین میں تصویریں شائع ہونے کی وجہ سے ان پر نکتہ چینی ہو رہی ہے لیکن انہیں اس سےکوئی فرق نہیں پڑتا۔

وہ کہتی ہیں۔’میں ہمیشہ سے ہی ایسی ہی تھی، یہی جذبہ تھا آگے بڑھنے کا۔ مجھے بہت پہلے پلے بوائے ماڈل بن جانا چاہیے تھا۔ یہ دنیا کی سب سے معروف پیشہ ور میگزین ہے اور اگر کسی کو برہنہ ہونا ہے تو پلے بوائے سے بہتر اور کیا ہوسکتا ہے۔‘

ان سے جب یہ پوچھا گيا کہ کیا پلے بوائے میں برہنہ تصویریں شائع کرنے والی وہ پہلی بھارتی ماڈل ہیں، تو ان کا کہنا تھا ’ میں نے اس سے پہلے کسی بھارتی کا نام پلے بوائے سے جڑتے نہیں سنا، پہلی بھارتی پلے بوائے ماڈل ہونے کا خطاب مجھے ملا ہے اور اس خطاب کو مجھ سے کوئی نہیں چھین سکتا۔‘

شیرلن کہتی ہیں ’پچھلے برس پروڈیوسر کی حیثیت سے فلم دھوم کے ہدایت کار سنجے گڑھوی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا لیکن پھر ان سے اختلافات ہوگئے۔ تب میں نے سوچا تھا کہ میں خود اپنے بل بوتے ایسا کچھ کروں گی جس سے شور بھی مچے اور دھوم بھی ہو‘۔

تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption شرلین چوپڑا پلے بوائے کے مالک ہیو ہیفنر کے ہمراہ

شیرلن جوپڑا کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو یہ سوچتے ہیں کہ جو لڑکی اپنے جسم کا استعمال کرتی ہے اس کے پاس ٹیلنٹ نہیں ہوتا۔ ’جس کے پاس ہنر نہیں ہوتا وہ اپنے روپ کا استعمال کرتی ہیں لیکن میں ایسا نہیں سوچتی۔‘

ان کا کہنا تھا کہ برہنہ تصویروں کی اشاعت پر ان کی بہن نے انہیں مبارکباد پیش کی لیکن ماں سے ابھی تک بات نہیں ہوسکی ہے۔

’میں سوچتی ہوں حیدرآباد جاکر میں اپنی ماں سے ملاقات کروں گی اور انہیں سمجھاؤں گی کہ میں ایسی ہی ہوں اور انہیں مجھے قبول کرنا ہی پڑےگا۔‘

شیرلن چوپڑا ابھی تک ماڈلنگ کی حد تک محدود ہیں اور ابھی تک کوئی فلم نہیں ملی ہے۔ وہ بالی وڈ میں اپنی قسمت آزمائی کی سوچتی رہی ہیں اور لگتا ہے کہ اس شہرت کے بعد وہ کوئی فلم بھی سائن کر لیں گی۔

اسی بارے میں