کوئی میری جگہ نہیں لے سکتا، کرینہ کپور

kareena تصویر کے کاپی رائٹ pr
Image caption فلم میں ’ہلكٹ جوانی‘ کے نام سے ایک آئٹم سانگ بھی ہے۔

بھارتی اداکارہ کرینہ کپور کہتی ہیں کہ ’کوئی میری جگہ نہیں لے سکتا اور میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں۔ ‘

یہ بات انہوں نے اپنی نئی آنے والی فلم ’ہیروئین‘ کے فرسٹ لک لانچ کے موقع پر میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہی۔

جب صحافیوں نے مسلسل ان سے پوچھا کہ فلم کی کہانی ودیا بالن کی فلم ’دی ڈرٹي پکچرز‘ سے کافی ملتی ہوئی محسوس ہو رہی ہے اور کیا ان کا کردار بھی ودیا بالن کے کردار سے متاثر ہے؟ تو کرینہ کپور کا جواب تھا ’نہ میں کسی کی برابری کرنے کی کوشش کر رہی ہوں اور نہ کوئی میری جگہ لے سکتا ہے۔ میری فلم ’دی ڈرٹي پکچرز‘ سے بالکل الگ ہے، اس لیے مہربانی کر کے دونوں فلموں کے مقابلے کرنا بند کر دیں، یہ بے معنی ہے۔‘

دراصل ’ہیروئین‘ کی کہانی ہے ایک ایسی اداکارہ کی داستان ہے جس نے جدوجہد کرکے اپنا ایک مقام بنایا اور پھر عرووج حاصل کرنے کے بعد زوال پذیر ہوئی۔ فلم کے ہدایت کار مدھر بھنڈارکر ہیں، جو اس سے پہلے ’پیج تھری‘ اور ’فیشن‘ جیسی مشہور فلمز بنا چکے ہیں۔

فلم میں پہلے ایشوریا رائے بچن کو سائن کیا گیا تھا لیکن بعد میں حاملہ ہونے کی وجہ سے انہوں نے فلم چھوڑ دی اور کرینہ کپور کو سائن کیا گیا۔

جب کرینہ سے پوچھا گیا کہ فی الحال تو وہ اتنی بڑی سٹار ہیں، لیکن کیا کبھی انہیں ڈر لگتا ہے کہ نئی اداکاراؤں میں سے کوئی ان کی جگہ کبھی لے سکتی ہے۔ اس پر کرینہ نے کہا، ’میں زہراسہگل کی طرح 90 سال کی عمر میں بھی کام کرنا چاہوں گی توو شاید میں کسی کو کوئی چانس نہ دوں۔‘

فلم میں ’ہلكٹ جوانی‘ کے نام سے ایک آئٹم سانگ بھی ہے۔ جب صحافیوں نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ قطرینہ کیف کے ’شیلا کی جوانی‘ کا جواب ہے، تو کرینہ بھڑك گئیں اور کہا ’

یہ گانا میرا ہے۔ یہ میرا کسی کو کوئی جواب نہیں ہے۔ مقابلے نہ کیجیے۔‘

ہیروئین کے خالق سدھارتھ رائے کپور ہیں، اور یہ فلم ستمبر میں ریلیز ہوگی۔

اسی بارے میں