بی بی سی کی شمیم پینسر انتقال کر گئیں

آخری وقت اشاعت:  اتوار 19 اگست 2012 ,‭ 19:59 GMT 00:59 PST

شمیم پنیسر اس تصویر کے انتہائی بائیں جانب کھڑی ہیں

بی بی سی کے ساتھ تیس برس کے شریکِ کار رہنے والی شمیم پینسر پندرہ اگست کو انتقال کر گئیں۔ وہ بی بی سی کے متعدد پروگراموں کی جانی پہچانی اور انتہائی شیریں آواز تھیں۔

شمیم پینسر کی نمازِ جنازہ برطانیہ کی سب سے پرانی مسجد میں ادا کی گئی جو بیگم بھوپال کے نام پر مسجدِ شاجہاں کہلاتی ہے۔

ان کو بروک وڈ ، سرے کے اُس قبرستان میں جگہ ملی جہاں قرآن کے پہلے مستند انگریزی ترجمہ کرنے والے محمد مرمدوک پِک تھول بھی دفن ہیں۔

شمیم پینسر سنہ انیس سو پینسٹھ سے انیس سو پچانوے تک بی بی سی اردو سروس سے منسلک رہیں۔ ان تیس سالوں کے دوران وہ پروگرام ’انجمن‘ میں ہر ہفتے خط پڑھ کر سناتی تھیں۔

شمیم پینسر تیس سال تک خطوط پڑھ کر سناتی رہیں ان کے پروگرام کے پروڈیوسرز تو تبدیل ہوتے رہے مگر کوئی ان کی جگہ نہ لے سکا۔ انہوں نے صرف ایک دفعہ بیماری کے دوران تین ہفتے چھٹیاں کیں مگر باقی سارا عرصہ باقاعدیگی سے اپنا پروگرام ذوق و شوق سے کرتی رہیں۔ ان کا عرصۂ خدمات ایک ہزار پانچ سو ستاون ہفتوں پر پھیلا ہوا ہے۔

شمیم پنیسرکو پسند کرنے والے ان کی شیریں آواز اور لہجے کی مٹھاس کے مداح تھے۔ وہ اپنے تلفظ کے بارے میں بھی بہت محتاط تھیں اور احتیاط کا یہ عالم تھا کہ جب تک کسی لفظ کے تلفظ کی پوری تحقیق نہ کرلیتیں اسے ادا نہ کرتی تھیں۔

ان کے والدین کا تعلق لکھنو سے تھا اور بچپن دلی میں گزرا جس کی وجہ سے انہیں اردو زبان کے محاوروں اور ضرب المثل پر مکمل عبور حاصل تھا۔

انیس سو ساٹھ کی دہائی میں وہ لندن تعلیم کی غرض سے آئیں۔ اس زمانے میں بی بی سی اردو سروس اپنے ریڈیائی ڈراموں کے لیے مشہور تھا۔ انہوں نے بی بی سی اردو سروس کے ڈراموں میں حصہ لینا شروع کیا۔

بی بی سی کا شاید ہی کوئی پروگرام ان کی آواز سے محروم رہا ہو۔ خواتین کا پروگرام برگ گل، سائنس کا پروگرام، ادبی اور ثقافتی پروگرام سب رس، غرض کہ ہر پروگرام کے پروڈیوسر کو ان کی ضرورت رہتی۔

شمیم پینسر کو کھانا پکانے کا بہت شوق تھا اور وہ بہت چاہت سے دوستوں کو دعوت دیتیں۔ اکثر ان کے ہاں تیس تیس چالیس چالیس مہمانوں کی دعوت ہوتی۔

شمیم پینسر خوش شکل، خوش گو، خوش آواز خاتون تھیں۔ انہوں نے شوہر یان پینسر کے علاوہ بیٹا ندیم، بیٹی پیا اور دو پوتوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔