نئی کتابیں:افسانے،ناول، شاعری اور سیاست

آخری وقت اشاعت:  اتوار 23 ستمبر 2012 ,‭ 08:11 GMT 13:11 PST

تبصرے کے لیے بی بی سی اردو کو جو کتابیں اور رسائل ملے ہیں، ان میں سے کچھ کی تفصیلات ہم آپ کو پیش کر رہے۔

یہ سلسلہ اس لیے ہے کہ آپ کو کتابوں اور ادبی رسالوں کے بارے میں اطلاع جلد از جلد مل جائے۔ ان کی تفصیل آپ کو تبصروں کی صورت بھی ملتی ہے لیکن اس میں بہ وجوہ دیر لگ جاتی ہے۔ یوں بھی تبصرے کے لیے دو کاپیوں کا آنا ضروری ہے۔

پاکستان سے مختلف اشاعتی اداروں نے مسلم لیگ پر اصغر عبداللہ کی کتاب، واجدہ تبسم کے افسانے، وحید احمد کا ناول، خالد معین اور عمیر انجم کے شعری مجموعے شائع کیے ہیں۔

واجدہ تبسم کے ناقابلِ فراموش افسانے

نام کتاب: چٹنی اور دوسرے افسانے

مصنف: واجدہ تبسم

مرتب: خالد ارمان

صفحات: 352

قیمت: 400 روپے

ناشر: آصف جاوید، برائے بگارشات پبلشرز، 24 مزنگ روڈ لاہور

واجدہ تبسم اردو کے ان افسانہ نگاروں میں سے ہیں جو یقینًا اردو افسانے کی تاریخ کا حصہ رہیں گی۔ ان پر بےباکی اور فحش نگاری کے الزامات بھی لگائے گئے اور جن افسانوں کی وجہ سے یہ الزامات لگے تھے وہ بھی ان اٹھائیس افسانوں میں شامل ہیں جو اس کتاب کے لیے چنے گئے ہیں۔ کتاب میں واجدہ تبسم کا ایک انٹرویو ہے، جو ان سے نریش کمار شاد نے کیا تھا اور ’اترن‘ کے ابتدائیے سے ایسے اقتباسات بھی ہیں، جن میں واجدہ تبسم نے اپنے افسانوں کے بارے میں بتایا ہے۔ کہا جا سکتا ہے کہ اس انتخاب میں واجدہ تبسم کی تمام ہی اہم افسانے شامل ہیں۔

وحید احمد کا ناول دوسرا ’مندری والا‘

نام کتاب: مندری والا

مصنف: وحید احمد

صفحات: 174

قیمت: 250 روپے

ناشر: مثال پبلشرز۔ رحیم سینٹر، پریس مارکیٹ، امین پور بازار، فیصل آباد

وحید احمد کوئی گذشتہ تیس سال سے لکھ رہے ہیں۔ ان کی شاعری کے دو مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ پہلا مجموعہ غالبًا 1994 میں اور دوسرا 2002 میں شائع ہوا تھا۔ ان کا پہلا ناول ’زینو‘ 2003 میں شائع ہوا۔ کہا جاتا ہے کہ ’زینو‘ کو لکھنے میں انھوں نے پانچ سال کا عرصہ لگایا تھا۔ اس ناول کا ترجمہ سویڈش زبان میں بھی ہو چکا ہے۔ ’زینو‘ کا پہلا ایڈیشن بھی فیصل آباد سے شائع ہوا تھا اور اب مندری والا بھی فیصل آباد سے شائع ہوا ہے۔ اس کتا ب کی تزئین عبدالحفیظ نے کی ہے۔

خالد معین کا چوتھا شعری مجموعہ

نام کتاب: ناگہاں

مصنف: خالد معین

صفحات: 183

قیمت: 200 روپے

ناشر: دنیائے ادب، 623 ریگل ٹریڈ اسکوائر، ریگل چوک، صدر کراچی۔ 74400 پاکستان

خالد معین نظمیں بھی کہتے ہیں اور غزلیں بھی لیکن وہ غزلوں کے حوالے سے زیادہ معروف ہیں۔ ’ناگہاں‘ ان کا چوتھا شعری مجموعہ ہے۔ اس میں حمد، نعت اور سلام کے علاوہ ستائس نظمیں اور سینتالیس غزلیں ہیں۔ اس مجموعے کا ایک تعارف سا مقدمہ، احفاظ الرحمٰن نے لکھا ہے اور اس کے بعد خود خالد معین نے اپنے، اپنی شاعری اور اپنی دنیا کے بارے میں بات کی ہے۔ اس سے پہلے خالد معین کے تین مجموعے، بے موسم وحشت 1990، انہماک 1999 اورپسِ عشق 2005 آچکے ہیں۔ ’ناگہاں‘ کی تزئین و آرائش امجد انیل نے کی ہے۔

عمیر علی انجم کا پہلا شعری مجموعہ

نام کتاب: حادثہ ہونے کو ہے!

مصنف: عمیر علی انجم

صفحات: 128

قیمت: 300 روپے

ناشر: حسنِ بیان پبلی کیشنز، لاریب گارڈن، گلشنِ اقبال بلاک ۔ 1 کراچی۔ پاکستان

عمیر علی انجم کراچی کے ایک ٹیلی وژن سے وابستہ ہیں۔ یہ ان کا پہلا شعری مجموعہ ہے۔ اس میں کی پچاس غزلیں، آٹھ نظمیں اور تیرہ قطعے شامل ہیں۔ تمام نظمیں عنوان کے بغیر ہیں۔ مجموعے کی ابتدا میں اعتبار ساجد، مزمل علی اور وصی شاہ نے عمیر اور ان کی شاعری کے بارے میں بات کی ہے۔ یہ کتاب بلدیہ عظمٰی کراچی کے تعاون سے شائع ہوئی ہے۔ مجموعے کی تزئین و آرائش مزمل علی اور علی زبیر نے کی ہے۔

مسلم لیگ میں اختلافات، انکشافات و دستاویزات

نام کتاب: مسلم لیگ سے مسلم لیگ تک

مصنف: محمد اصغر عبداللہ

صفحات: 608

قیمت: 800 روپے

ناشر: آصف جاوید، برائے بگارشات پبلشرز، 24 مزنگ روڈ لاہور

محمد اصغر عبداللہ کی یہ غالبًا تیسری کتاب ہے۔ اس سے پہلے ان کی کتاب ’سچ کہوں گا‘ 2008 میں شائع ہوئی تھی۔ یہ کتاب اعتزاز احسن کی یادداشتوں پر مبنی تھی اور اس سے بھی پہلے ’لال مسجد کا لہو‘ 2007 میں شائع ہوئی۔ اس کتاب میں یوں تو مسلم لیگ کے بارے میں ’چوہدری برادران‘ کے مشاہدات و تاثرات، ان کا منظر و پس منظر اور پسِ پردہ حقائق بھی ہیں لیکن خود اصغر عبداللہ کا کہنا ہے کہ اہم ترین حصہ دستاویزات پر مبنی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔