لیورپول کی ایمی جیکسن ہندی اور تمل فلموں میں

آخری وقت اشاعت:  بدھ 26 ستمبر 2012 ,‭ 12:19 GMT 17:19 PST
ایمی جیسن

ایمی جیکسن ہندی، تمل اور تیلیگو فلموں میں کام کر رہی ہیں

برطانیہ کے شہر لیورپول کی ماڈل ایمی جیکسن کو جب ایک انڈین فلم میں کاسٹ کیا گیا تو اس سے پہلے نہ تو انہوں نے کبھی پرفیشنل اداکاری کی تھی اور نہ ہی انڈیا دیکھا تھا۔ بس آن لائن پر ان کا پرفائل دیکھ کر انہیں کاسٹ کر لیا گیا۔

اب وہ ممبئی منتقل ہو گئی ہیں، جریدے انڈین ووگ کے سرِ ورق پر ان کی تصویر ہے، اور وہ بڑی سکرین پر اپنے جوہر دکھا رہی ہیں۔

درحقیقت جب ایمی جیکسن کو ساڑھے چار ہزار میل دور سے فلم کی آفر ہوئی وہ اس وقت بھی لیورپول کی کوئی عام لڑکی نہیں تھیں۔ تاہم اس آفر نے ان کی زندگی بدل دی۔

وہ سولہ سال کی عمر میں ہی ٹین مس ورلڈ بن چکی تھیں، لیکن اس ملکہ حسن کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ وہ انڈین فلموں میں اداکاری کریں گی اور ان سے ہندی، تمل اور تیلیگو بلوائے جائے گی۔

ان کو یہ موقع اس وقت ملا جب ڈائریکٹر اے ایل وجے نے ان کی تصویر دیکھی اور 1947 کی جنگِ آزادی پر بننے والی ایک فلم میں انہیں ایک انگریز گورنر کی بیٹی کا کردار آفر کیا۔

ایمی جیسن

ایمی کو تمل فلموں کے لیے تمل زبان میں ڈائیلاگ بولنے ہیں

ایمی کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر نے ان سے کہا کہ وہ اس کردار کے لیے بہت موزوں ہیں۔

اب ان کے لیورپول کے لہجے میں انڈین ردھم نمایاں ہے۔

سنہ دو ہزار دس میں بننے والی یہ فلم جس کا نام ’مدراساپتنم‘ تھا اس سال کی ہٹ فلموں میں سے ایک تھی۔

ایمی سفید فام ہیں، لیکن ان کے سیاہ بالوں کی وجہ سے انہیں دوسری فلموں میں بھی مقامی لوگوں کے کردار ملنے لگے ہیں۔

ایمی بی بی سی ریڈیو میری سائیڈ میں کھیلوں کا پروگرام پیش کرنے والے ایلن جیکسن کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے پہلی مرتبہ بالی وڈ کی فلم ’ایک دیوانہ تھا‘ میں لیڈ کردار ادا کیا تھا۔ لیکن اس فلم کو زیادہ پذیرائی نہیں مل سکی۔

اس فلم میں ان کے ڈائیلاگ ایک ہندی ایکٹرس نے ڈب کیے تھے۔ لیکن اپنی اگلی فلموں میں جیکسن نے اپنے ڈائیلاگ خود ہی ادا کرنے ہیں۔

ایمی جیسن

ایمی جیکسن اپنے سیاہ بالوں کی وجہ سے انڈین فلم انڈسٹری میں اجنبی نہیں لگتی

ایمی کا کہنا ہے کہ ’یہ ایک چیلنج ہو گا کیونکہ مجھے درست ادائیگی کرنا ہو گی۔ یہ بہت مشکل ہیں۔‘

ایمی نے بالی وڈ کے گڑھ ممبئی میں سکونت اختیار کر لی ہے۔ ہندی فلموں کے علاوہ وہ تمل اور تیلیگو فلموں میں بھی کام کر رہی ہیں۔ تمل فلموں کا گڑھ چنئی اور تیلیگو فلموں کا حیدرآباد ہے۔

ان کی تمل ایکشن فلم اس جمعہ کو ریلیز ہو رہی ہے جس میں وہ ایک انڈین لڑکی کا کردار ادا کر رہی ہیں جو لندن میں رہتی ہے۔

اس سوال کے جواب میں کہ کیا انڈیا میں اپنا نام بنانے کے بعد اب انہیں برطانیہ یا ہالی وڈ سے آفرز ہوئی ہیں، ایمی کا کہنا تھا کہ وہ ’مختلف آپشنز دیکھ رہی ہیں۔‘

تاہم انہوں نے کسی منجھے ہوئے اداکار کی طرح جو میڈیا سے بات چیت کرنا جانتا ہے ایک گول مول سا جواب دیا کہ وہ اس وقت تو صرف انڈیا میں اپنی حالیہ دو فلموں پر توجہ دے رہی ہیں۔

ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے زبان کے ساتھ ساتھ ’سفارتکاری کی ادا‘ بھی سیکھ لی ہے۔.

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔