بالی وڈ کی کچھ یادگار شادیاں

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 20 اکتوبر 2012 ,‭ 10:18 GMT 15:18 PST
امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی کی تصویر

امیتابھ بچن نے اپنی شادی میں صرف قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کو مدعو کیا تھا

گزشتہ ہفتے بالی وڈ کے موجودہ دور کی مقبول اداکارہ کرینہ کپور اور اداکار سیف علی خان کی شادی ہوئی ہے۔

دونوں نے سادگی سے رجسٹرڈ شادی کی لیکن میڈیا کی اس شادی میں لمبے وقت سے بے حد دلچسپی تھی۔

یہ الگ بات ہے کہ کرینہ اور سیف علی خان نے میڈیا کو شادی میں نہیں بلایا اور اس لیے ذرائع ابلاغ کو ان کی شادی کی اکا دکا تصاویر ہی حاصل ہوئیں۔

بالی وڈ کی کوئی بھی شادی ہو میڈیا کو اس میں بے حد دلچسپی ہوتی ہے۔

کچھ برسوں پہلےسپر سٹار امیتابھ بچن کے بیٹے ابھیشیک بچن اور ایشوریہ رائے کی شادی بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی اور ٹی وی چینلوں نے اس شادی کو تقریباً براہ راست نشر کیا تھا۔

یہ شادی بے حد دھوم دھام سے ہوئی تھی جس میں فلمی دنیا سے منسلک ہستیوں کے علاوہ، ملک کے بڑے صنعت کاروں اور سیاست دانوں نے شرکت کی تھی۔

لیکن کیا بالی وڈ کے ستاروں کی سبھی شادیوں میں ایسا ماحول رہا ہے یا بدلتے وقت کے ساتھ میڈیا میں ان شادیوں کے کوریج میں فرق آیا ہے۔

ہندی سنیما کے’شو مین‘ کہے جانے والے اداکار اور ہدایت کار راج کپور کی بیٹی رتو کپور اور صنعت کار راجن نندا کی شادی کسی بھی فلمی خاندان میں ہونے والی اب تک کی سب سے دھوم دھام سے ہونے والی شادی مانی جاتی ہے۔ اس کی برابری ابھی تک کوئی نہیں کر پایا ہے۔

یہ شادی سنہ انیس سو ستر میں ہوئی اور اس وقت راج کپور کی فلم ’میرا نام جوکر‘ کی شوٹنگ آخری مرحلے میں تھی۔

سیف اور کرینہ کی شادی

سیف اور کرینہ کی شادی میں میڈیا کی بے حد دلچسپی تھی

اس شادی کا جشن سات روز تک جاری رہا تھا۔ راج کپور جس طرح سے اپنی فلموں کی منصوبہ بندی کرتے ویسی ہی پلاننگ انہوں نے اس شادی کی تھی۔

ممبئی کے چینمبور علاقے کے مین روڈ سے ان کے بنگلے تک کی سڑک خراب تھی تو راج کپور نے اس سڑک کی تعمیر ہی کرا دی تاکہ بارات آنے میں کوئی پریشانی نہ ہو۔

کئی مرکزی وزراء اور ریاست کے گورنر اس شادی میں شامل ہوئے۔

نغمہ نگار شیلندر نے رتو کپور کی شادی کے لیے ایک خاص گیت لکھا جس کا میوزک شنکر جے کشن نے دیا اور مکیش نے اسے گایا۔

شادی میں زبردست آتش بازی ہوئی جسے باقاعدہ شوٹ بھی کیا گیا۔ بعد میں راج کپور نے ان آتش بازی کے مناظر کو اپنی فلم ’پریم روگ‘ میں استعمال بھی کیا۔

لیکن اس وقت بھارت میں صرف پرنٹ میڈیا ہی سرکردہ تھی اس لیے اس شادی کے بارے میں اخبارات میں خبریں آئیں۔

سنہ انیس سو تہتر میں امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی ہوئی۔ سپر سٹار امیتابھ بچن نے بے حد سادگی سے شادی کی۔

اسی برس راجیش کھنہ اور ڈمپل کاپاڈیا کی بھی شادی ہوئی لیکن یہ شادی بے حد دھوم دھام سی ہوئی اور اس میں فلمی انڈسٹری سے منسلک تقریباً سبھی بڑی ہستیوں نے شرکت کی۔

امیتابھ بچن کی شادی میں ان کے قریبی دوست شریک جن میں گاندھی خاندان کے راجیو گاندھی اور سنجے گاندھی بھی شامل تھے۔.

بالی وڈ اداکار رشی کپور اور نیتو سنگھ کی شادی بھی دھوم دھام سے ہوئی۔ اس شادی کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں نرگس دت اپنے پورے اہل خانہ کے ساتھ شریک ہوئیں۔

واضح رہے کہ شادی سے پہلے پچیس برس تک راج کپور اور نرگس دت کے درمیان بات چیت بند تھی۔

لیکن رشی کپور کی شادی کا دعوت نامہ لے کر راج کپور نرگس کے گھر گئے اور وہ ان کی دعوت پر شادی میں گئیں۔

یہ ساری شادیاں اپنی اپنی وجوہات سے اہم تھیں اور میڈیا کی ان میں بے حد دلچسپی تھی لیکن ٹی وی چینلز کی غیر موجودگی کی وجہ سے ان شادیوں کو وہ کوریج نہیں ملی جو آج کل بالی وڈ کی ایک عام شادی کو ملتی ہے۔

فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر امیتابھ، راجیش کھنہ جیسے بڑے سپرسٹارز کی آج کے دور میں شادی ہو تو کئی دن تک نیوز چینلز کی شہ سرخی ہوگی۔

حال ہی میں ہیما مالنی کے بیٹی ایشا دیول کی شادی ہوئی ہے اور اس شادی میں میڈیا مدعو تھا۔ شادی کے تصاویر، ویڈیوز اور ہر رسم کے بارے میں تفیصلات نشر کی گئیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔