یش چوپڑا کا انتقال: بالی وڈ پر سکتہ

آخری وقت اشاعت:  پير 22 اکتوبر 2012 ,‭ 22:12 GMT 03:12 PST
یش چوپڑہ

یش چوپڑہ نے اپنے پچاس سالہ فلمی کیری‏ئر میں بہترین فلمیں دی ہیں۔

ہندی فلموں کو رومانس کے رنگوں سے شرابور کرنے والے مشہور اور معروف فلم ساز اور پروڈیوسر یش چوپڑا کے انتقال کی خبر سے بھارت کی فلم صنعت سکتے کے عالم میں ہے۔

ابھی زیادہ دن نہیں گزرے جب انہوں نے اپنا اسی واں یوم پیدائش منایا تھا اور وہ اپنی آخری فلم ’جب تک ہے جان‘ کے ساتھ فلموں کے شائقین کو پیش کرنے والے تھے۔

یش چوپڑا نے ممبئی کے ليلاوتي ہسپتال میں اتوار کی شام آخری سانسیں لیں۔ ممبئی کے چندن واڑی میں پیر کو ان کی آخری رسومات ادا کی گئی۔

انھوں نے پسماندگان میں اہلیہ پامیلا چوپڑا اور دو لڑکے ادتيہ اور اودے چھوڑے ہیں۔

ان کے جسدخاکی کو سفید پھولوں میں لپیٹ کر پیر کی صبح نو بجے سے بارہ بجے تک یش راج فلمز کے سٹوڈيو میں درشن کے لیے رکھاگیا تھا۔

فلمی دنیا کی معرف ہستیاں ان کے آخری دیدار کے لیے وہاں جمع تھیں۔ ان میں مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ پرتھوی راج چوہان، شاہ رخ خان، رانی مکھرجی، کاجول اور ان کی والدہ، ودیا بالن، شاہد کپور، رمیش سپی، سبھاش گھئی، گلزار، کبیر بیدی، وغیرہ اہم تھے۔

اس سے قبل اتوار کی رات کو امیتابھ بچن، سلمان خان، جان ابراہم، پرینکا چوپڑہ، سونو نگم وغیرہ یش راج فلمز اظہار عقیدت کے لیے پہنچے تھے۔

الفاظ نہیں۔۔

"یقین نہیں آ رہا، یش ایک دوست سے کہیں بڑھ کر تھے، ایک بھائی کی طرح تھے. ان کے جانے سے مجھے کتنا دکھ پہنچا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں"

دلیپ کمار

دریں اثنا یش چوپڑہ کی آخری رسومات کے لیے جیا بچن نے ممبئی میں جاری چودھویں ممبئی فلم فسٹیول کا اپنا ورک شاپ منسوخ کر دیا۔ اس کے علاوہ اس فسٹیول کا اوپن فارم بھی رد کر دیا گیا۔

بھائی اور دوست يش چوپڑا کی سال سنہ انیس سو چوراسی کی فلم مشعل میں اداکاری کرنے والے سینیئر اداکار دلیپ کمار نے ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا ہے۔

دلیپ کمار کا کہنا ہے، ’یقین نہیں آ رہا، یش ایک دوست سے کہیں بڑھ کر تھے، ایک بھائی کی طرح تھے. ان کے جانے سے مجھے کتنا دکھ پہنچا ہے، اسے بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں‘۔

وہیں لتا منگیشکر یش چوپڑا کو ایک اچھے دل والا انسان اور ایک بھائی کی طرح یاد کرتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں، ’یش چوپڑا میرے لیے ایک بھائی کی طرح تھے۔ ان کا فلمیں بنانے کا انداز نرالا تھا۔ ان میں موسیقی ایسی ہوتی تھی کہ فلم ہٹ ہو جاتی تھی۔ میری ان سے آخری بار بات ان کے یوم پیدائش پر ہوئی تھی، جس کے بعد وہ بیمار ہو گئے تھے۔ میں نے سوچا وہ ٹھیک ہو جائیں گے‘۔

’اپنی آخری فلم جب تک ہے جان میں انہوں نے اپنا سب کچھ دے دیا۔ وہ ایک بہت ہی قابل انسان تھے‘۔

یش چوپڑہ

یش چوپڑہ ستائیس ستمبر انیس سو بتیس میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔

لتا کی آواز پر فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کے گیتوں پر شائقین کو جھومنے پر مجبور کرنے والی اداکار مادھوری دکشت یش چوپڑا کے انتقال پر کہتی ہیں، ’ابھی ۔۔ابھی پتہ چلا کہ یش جی نہیں رہے۔ وہ فلم کے سابق فوجیوں میں سے ایک تھے۔ ہم سب انہیں بہت مس کریں گے‘۔

ویر زارا فلم میں اداکاری کرنے والی پریٹی زنٹا کہتی ہیں، ’یش انکل، ہم آپ کو مس کریں گے، خدا ان کی روح کو شانتی دے‘۔

شبانہ اعظمی کہتی ہیں، ’یش جی، آپ ابھی ایسے کیسے جا سکتے ہیں‘۔

’جب تک تھا یش، تب تک تھا سنیما۔ پتہ ہی نہیں چلا، فلموں سے بنے ہمارے تعلقات کب خاندانی رشتوں میں تبدیل ہو گئے۔ محبت پہلے جیسی نہیں ہو گی، فلم بھی پہلے جیسی نہیں ہوگی‘۔

اداکار اکشے کمار نے بھی یش چوپڑا کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کیا۔ وہیں امیتابھ بچن نے ٹويٹ کیا ہے، ’یش چوپڑہ نہیں رہے، ابھی ایک گھنٹے پہلے کی بات ہے‘۔

آشا بھوسلے نے ٹويٹ کیا ہے، ’میں اپنی بیٹی کے جانے کے دکھ سے نجات پانے کی کوشش کر ہی رہی تھی کہ یش چوپڑا بھائی صاحب چلے گئے افسوسناک سال‘۔

فلم ساز رام گوپال ورما کا کہنا ہے، ’جب تک تھا یش، تب تک تھی فلم‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔