’سکائی فال کا پریمیئر میرا بہترین پریمیئر‘

آخری وقت اشاعت:  بدھ 24 اکتوبر 2012 ,‭ 08:58 GMT 13:58 PST
سکائی فال کے لندن پریمئر میں شاہی خاندان

فلم کے بارے کہا جارہا ہے کہ یہ ایک بہترین بانڈ فلم ہے

بانڈ سیریز کی نئی فلم ’سکائی فال‘ کے لندن پریمیئر میں شاہی خاندان نے شرکت کی۔ فلم کے اداکار ڈینئل کریگ نے اسے 007 سیریز کی فلم کا اب تک کا بہترین پرئیمر بتایا ہے۔

ڈینئل کريگ اس فلم میں معروف جاسوس جیمز بانڈ کا کردار ادا کر رہے ہیں اور وہ لندن کےرائل البرٹ ہال میں فلم کے شاہی پریمیئر میں پہنچنے والے پہلے ستارے تھے۔

فلم کے پریمیئر کے بارے میں ڈینئل کریگ نے بی بی سے کو بتایا ’یہ پریمیئر غیر یقینی طور پر بہترین تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا ’یہاں یہ میری بانڈ سیریز کی فلم کا تیسرا پریمیئر ہے اور یہ سب سے بڑا اور سب سے بہتر ہے۔‘

ڈینیئل کریگ جیمز بانڈ سریز کی فلموں میں تیسری بار ایجنٹ 007 کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ یہ فلم بانڈ سیریز کی تئیسویں فلم ہے اور اس کے ہدایت کار آسکر اعزاز یافتہ سیم مینڈیس ہیں۔

منگل کی رات کو ہونے والے اس پریمیئر میں برطانوی شہزادہ چارلس اور ان کی اہلیہ ڈچسز آف کورنویل کیمیلا پارکل کے علاوہ اداکارہ ڈیم جوڈی ڈینچ، جیوئر بارڈیم اور فلم کے ہدایت کار سیم مینڈیس نے شرکت کی۔

ڈینئل کریگ کا کہنا تھا ’یہ جیمز بانڈ کی فلموں کا پچاسواں سال ہے اور ہم اس کی خوشی منا رہے ہیں۔‘

ان کا مزید کہنا تھا ’میں اور سیم مینڈیس دونوں جیمز بانڈ کو بے حد پسند کرتے ہیں اور ہم دونوں اب تک سب سے بہترین بانڈ فلم بنانا چاہتے تھے اور مجھے لگتا ہے کہ سیم مینڈیس نے ایک بہترین فلم بنائی ہے۔‘

سکائی فال کے لندن پریمئر کی تصویر

ریڈ کارپیٹ پر فلم کے ستاروں کا استقبال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں مداح موجود تھے

واضح رہے کہ لندن میں ہونے والے پریمیئر سے جو رقم کمائی جائے گی وہ برطانیہ کی ان خیراتی تنظیموں کو دی جائے گی جو برطانیہ کے خوفیہ اداروں کے افراد کو امداد فراہم کرتی ہیں۔

’سکائی فال‘ میں ولن کا کردار ادا کرنے والے بارڈیم کا کہنا ہے ’سیم مینڈیس نے فلم میں کلاسک بانڈ فلموں کا جدید زمانے کے بانڈ سے ملاپ کیا ہے جس میں دونوں زمانوں کی بہترین جھلک ملتی ہے۔‘

وہیں فلم کی ہدایت کار سیم مینڈیس کا کہنا تھا ’سب سے عجیب بات یہ ہے کہ دو ہفتے پہلے تک میں دو تین لوگوں کے ساتھ ایک تاریک کمرے میں بیٹھی ہوئی فلم کی ایڈیٹنگ کر رہی تھی اور باہر آکر دیکھا تو اب فلم لوگوں کے سامنے ہے اور نمائش کے لیے تیار ہے۔‘

واضح رہے کہ اس سے قبل سکائی فال کی خصوصی نمائش ہوئی تھی جس کے بعد فلم ناقدین کی جانب سے اسے کافی ستائش ملی ہے اور بعض ناقدین نے اسے سیریز کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔

برطانوی اخبر دی انڈیپنڈینٹ کے جیفری میک نیب نے فلم کے بارے میں لکھا ہے یہ جیمز بانڈ فلموں کی سیریز کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔

ٹائمز کے کیٹ موئیر نے اسے ’بہترین برطانوی فلموں سے ایک قرار دیا ہے‘۔

میک نیب نے فلم کے تجزیے میں لکھا ہے کہ اس فلم میں ہدایت کار سیم مینڈیس نے بنیادی چيزوں کا خیال رکھا ہے اور فلم میں ’سٹنٹ اور ایکشن زبردست ہے‘۔

فلم ناقدین نے اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے سلوا نامی ولن کا کردار نبھانے والے زیویئر باڈم کی اداکاری کی بے حد تعریف کی ہے۔

واضح رہے کہ یہ فلم برطانیہ میں چھبیس اکتوبر اور پاکستان میں نو نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔