ڈزنی لوکس فلم سٹوڈیوز کو خریدے گی

آخری وقت اشاعت:  بدھ 31 اکتوبر 2012 ,‭ 02:00 GMT 07:00 PST

جارج لوکس نے لوکس فلم سنہ انیس سو اکتہر میں قائم کی تھی اور سنہ انیس سو ستتر میں پہلی سٹار وارز فلم آئی تھی

امریکی انٹرٹینمنٹ کمپنی ڈزنی لوکس فلم نامی سٹوڈیوز کو چار اشاریہ صفر پانچ ارب ڈالر میں خریدے گی۔ لوکس فلم اور اس کے بانی جارج لوکس کی اہم ترین فلم ’سٹار وارز‘ تھی۔

جارج لوکس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سٹار وارز کو فلمسازوں کی نئی نسل کے حوالے کیا جائے۔

اس موقع پر ڈزنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ سنہ دو ہزار پندرہ میں ایک نئی سٹار وارز فلم پیش کریں گے۔ یہ فلم اس سلسلے کی ساتوں فلم ہوگی۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ اس کے بعد یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہر دو سے تین سال بعد اس کڑی کی ایک نئی فلم پیش کی جائے گی۔

اس سے پہلے سٹار وارز کی آخری فلم دو ہزار پانچ میں آئی تھی اور ڈزنی کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں ایک نئی فلم کی اس وقت شدید طلب ہے۔

لوکس فلم خریدنے کے لیے ڈزنی تقریباً آدھی رقم کیش کی صورت میں ادا کرئے گی اور باقی ادائیگی ڈزنی میں ہی حصص کی شکل میں ہوگی۔

ڈزنی نے اس سے پہلے ’پکسار سٹوڈیوز‘ کو سنہ دو ہزار چھ میں سات اشاریہ چار ارب ڈالر اور ’مارول کامکس‘ کو سنہ دو ہزار نو میں چار اشاریہ دو ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

جارج لوکس نے لوکس فلم سنہ انیس سو اکتہر میں قائم کی تھی اور سنہ انیس سو ستتر میں پہلی سٹار وارز فلم آئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ پینتیس سالوں میں میرے ایک بہت بڑی باعثِ مسرت بات سٹار وارز کو نسل در نسل منتقل ہوتے دیکھنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا ’میرے خیال میں سٹار وارز میرے بعد بھی زندہ رہے گی اور میرے خیال میں اپنی زندگی میں ہی اس کا انتظام کرنا اہم تھا۔‘

جارج لوکس ایک مشیر کے طور پر اپنا کام جاری رکھیں گے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔