اکشے پاکستان میں فلم پریمیئر کے خواہشمند

آخری وقت اشاعت:  پير 5 نومبر 2012 ,‭ 04:36 GMT 09:36 PST

اکشے نے پاکستانی صحافیوں کو بتایا کہ وہ پاکستان آکر اپنی فلم کا پریمئیر کرنا چاہتے ہیں۔

بھارتی فلم اداکار اکشے کمار نے اپنی نئی فلم ’ کھلاڑی سات سو چھیاسی’ کا پریمیئر پاکستان میں کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔

اکشے کمار نے اس خواہش کا اظہار اتوار کو ممبئی سے پاکستانی صحافیوں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران کیا۔

اکشے کمار نے بتایا کہ وہ اپنی نئی ہندی فلم ’ کھلاڑی سات سو چھیاسی‘ کا پریمیئر پاکستان میں کرنے کی تیاری کررہے ہیں۔

ان کے بقول پاکستان آنا اور یہاں پر اپنی فلم کے پریمیئر میں شرکت کرنا ان کی دلی خواہش ہے۔

لاہور سے بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب کسی بھارتی فلم سٹار نے اپنی فلم کی تشہیر کے لیے براہ راست بھارت سے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستانی صحافیوں سے رابطہ کیا ہے۔

بھارتی فلم سٹار اکشے کمار کی نئی فلم کی تشہیر کے لیے لاہور میں ایک مقامی کلب میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے پاکستانی صحافیوں سے رابطے کا انتظام کیا گیاتھا۔

اکشے کمار کی نئی فلم ’ کھلاڑی سات سو چھیاسی‘ آئندہ ماہ دسمبر میں نمائش کے لیے پیش کی جارہی ہے۔

ویڈیو کانفرنس کے دوران فلم ’کھلاڑی سات سو چھیاسی‘ کا میوزک بھی جاری کیا گیا جبکہ فلم کے ہیرو اکشے کمار نے خود بھی فلم کا ایک گانا سنایا۔

بھارتی اداکار نےواضح کیا کہ ان کی فلم کا مذہب اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ان کی نئی فلم کے نام میں ’سات سو چھیاسی‘ صرف ایک عدد ہے۔

اکشے کمارکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی فلموں کی ایک بڑی منڈی بن چکا ہے۔

یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی بھارتی اداکار نے اپنی فلم کے لیے بھارت سے ویڈیو لنک کے ذریعے پریس کانفرنس کی ہو۔

ایک سوال پر بھارتی فلم سٹار نے کہا کہ وہ پاکستانی فلم انڈسری کے ساتھ مل کر پروڈکشن کرنا چاہتے ہیں تاکہ فلم بینوں کو اچھی اور معیاری فلمیں دیکھنے کو مل سکیں۔

جب اکشے کمار سے یہ سوال کیا گیا کہ ان کے بعد بھارتی فلمی صنعت میں کون ’ کھلاڑی‘ ہیرو ہوگا تو انہوں نے کہا کہ ان کے بعد بھارتی فلم انڈسری میں ان کا بیٹا ’کھلاڑی‘ ہیرو ہوگا۔

اکشے نے یہ بھی بتایا کہ ان کا بیٹا مارشل آرٹس کی تربیت حاصل کررہا ہے۔

اپنی فلم سٹار بیوی کے بارے میں سوال پر اکشے کمار نے وضاحت کی کہ انہوں نے اپنی بیوی ٹوئنکل کھنہ کے فلموں میں کام کرنے پر کوئی پابندی عائد نہیں کی بلکہ ٹوئنکل دو بچوں کو سنبھالنے کے علاوہ بڑی کامیابی کے ساتھ اپنا کاروبار چلارہی ہیں۔

ایک اور سوال پر بھارتی فلم سٹار اکشے کمار نے یہ اعلان کیا کہ آئندہ وہ کسی فلم میں پاکستانی لڑکے کا کردار ادا کریں گے جبکہ ان کے مدمقابل جو ہیروئن ہوں گی وہ بھارتی لڑکی کا کردار نبھائیں گی۔

اکشے کمار نے بتایا کہ وہ دس قبل بھی پاکستان آئے تھے اور آج تک وہ پاکستانی کھانوں کے ذائقے کو یاد کرتے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔