سکائی فال: روزانہ کمائی، تین کروڑ ڈالر

آخری وقت اشاعت:  پير 5 نومبر 2012 ,‭ 15:40 GMT 20:40 PST
سکائی فال

کئی یورپی ممالک میں سکائی فال کی ریکارڈ اوپننگ ہوئی ہے۔

جیمز بانڈ کی نئی فلم ’سكائی فال‘ نے بین الاقوامی باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ سونی اور ایم جی ایم کی اس مشترکہ فلم نے دنیا بھر کے سینما گھروں میں پہلے دس دنوں میں دو سو ستاسی لاکھ امریکی ڈالر کما لیے ہیں۔

اس فلم میں جیمز بانڈ یعنی زیرو زیرو سیون کا کردار ڈینیئل کریگ نے نبھایا ہے اور اس کی ہدایات سیم ڈینیئل نے دی ہیں۔

لائیو ٹریڈنگ نیوز کے مطابق جرمنی میں اس فلم کی اوپننگ دو اعشاریہ تین نو کروڑ ڈالر تھی جو کہ جرمنی میں سال دو ہزار بارہ کی سب سے بڑی اوپننگ ثابت ہوئی ہے۔

برطانیہ اور آئر لینڈ میں بھی اس فلم نے پہلے ہفتے میں تجارت کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ اس فلم نے ان دونوں ممالک میں دو کروڑ پاؤنڈ کی اوپننگ کی تھی۔ اس طرح کہا جا سکتا ہے کہ اس فلم نے ابھی تک روزانہ قریب تین کروڑ ڈالر کی کمائی کی ہے۔

امریکہ میں یہ فلم امریکی صدر کے انتخابات کے بعد نو نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔

اٹلی میں یہ فلم اب تک سات سو ننانوے لاکھ ڈالر کما چکی ہے جبکہ سپین میں اس کی آمدنی سرسٹھ لاکھ ڈالر رہی۔ سوئٹزرلینڈ میں یہ فلم اب تک ترپن لاکھ ڈالر کما چکی ہے جو کہ اس سے قبل آنے والی بانڈ فلم’ کسینورائل‘ سے اسّی فیصد زیادہ ہے۔

امریکہ میں جیمز بانڈ کو اینی میشن فلم ’بریک اٹ راف‘ سے کڑے مقابلے کی امید ہے کیونکہ اس فلم نے ملک کے شمال مشرق میں کافی کمائی کی ہے۔ یہ علاقہ گزشتہ کئی دنوں سے سینڈی طوفان کی زد میں ہے۔

تمارا

رایل البرٹ ہال میں سکائی فال کا عالمی پریمی‏ئر ہوا تھا۔

اس فلم نے تین ہزار سات سو باون سنیما گھروں میں چار اعشاریہ نو ایک کروڑ ڈالر کا کاروبار کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

جیمز بانڈ سیریز کی فلموں کا یہ پچاسواں سال ہے۔ اس لحاظ سے بھی سكائی فال سے بہتر کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔

اس سے قبل ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ فلم ’كوانٹم آف سولیس‘ تھی۔ کریگ سے پہلے پانچ دیگر فنکار جیمز بانڈ کے کردار کو ادا کر چکے ہیں۔

ڈینیئل کریگ نے تین بانڈ فلموں میں مرکزی کردار نبھایا ہے۔

کریگ کے علاوہ شون كونري، جارج لیزنبي، روجر مور، ٹیموتھي ڈالٹن اور پيئرس بروسنن جیمز بانڈ کے ہیرو رہے ہیں۔

جیمز بانڈ کے کردار کی تخلیق انیس سو ترپن میں مصنف ایان فلیمنگ نے کی تھی جو کہ ان کی کئی ناولوں اور کہانیوں میں موجود ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔