معروف ٹی وی اداکار ہگمین نہیں رہے

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 24 نومبر 2012 ,‭ 08:13 GMT 13:13 PST
لیری ہینگمین

لیری ہگمین نے جے آر ایونگ کا معروف کردار ادا کیا ہے۔

امریکہ کے معروف ٹیلی ویژن اداکار لیری ہگمین کا اکیاسی سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔

ان کے خاندان والوں نے بتایا کہ جمعے کی شام فلوریڈا کے ایک ہسپتال میں ان کا انتقال ہوا، ان کے جگر میں سرطان تھا۔

وہ اپنی موت سے قبل اپنی پسندیدہ جگہ ڈیلاس آ گئے تھے۔ ان کے خاندان کے افراد نے بتایا کہ ’وہ اپنی موت سے قبل اپنے لوگوں میں تھے اور سب انھیں گھیرے ہوئے تھے۔‘

ان کی دیرینہ دوست لنڈا گیری جنھوں نے سو ایلن کا کردار ادا کیا تھا انھوں نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’لیری ہگ مین گزشتہ پینتیس سال سے ہمارے بہترین دوست رہے ہیں۔‘

لنڈا گیری نے اپنے بیان میں کہا ’وہ زندگی کے نقیب تھے اور جو ان سے ملا ان کی زندگی میں انھوں نے خوشیاں بکھیرنے کا کام کیا، وہ تخلیقی ذہن کے مالک تھے، فراخ دل، مزاحیہ اور محبت کرنے والے اور با صلاحیت انسان تھے۔ ہم ان کی کمی بہت محسوس کریں گے۔ وہ حقیقی شخص تھے اور انھوں نے زندگی کا بھرپور مزا لیا۔‘

انھوں نے ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک ویلن کا کردار ادا کیا اور ٹی وی کی دنیا میں وہ ایک جانی پہچانی شخصیت تھے۔

انھوں نے ٹی وی ویلن جے آر ایونگ کا کردار ادا کیا تھا اور تین سو چھپن سلسلوں پر محیط ان کے مشہور ٹی وی سیریل نے ستاون ممالک میں انھیں مقبول کیا تھا اور ایک اندازے کے مطابق تیس کروڑ لوگوں نے دنیا بھر میں ان کے پروگرام کو دیکھا۔

لیری

لیری کے پاس اس قسم کے دوہزار سے زیادہ ہیٹ تھے۔

وہ امریکی ریاست ٹیکساس میں پیدا ہوئے اور پھر لاس اینجلس منتقل ہو گئے جہاں ان کی دادی نے ان کی پرورش کی پھر وہ اپنی ماں کے ساتھ شو بزنس میں آگئے۔

انھوں نے ٹی وی کامیڈی ’آئی ڈریم آف جینی‘ سے اپنے فنی سفر کی شروعات کیں اور پھر جے آر ایونگ کا مشہور کردار ادا کیا جو انیس سو اٹہتر میں شروع ہوا تھا۔

لوگ انہیں ان کے کاؤ بوائے ہیٹ کی وجہ سے بھی جانتے ہیں۔ ان کے پاس دو ہزار سے زیادہ اس قسم کے ہیٹ تھے۔

انیس سو بانوے میں ان کے جگر میں کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی تھی اس کےبعد ان کا ٹرانس پلانٹ کیا گیا تھا۔

وہ بلانوش یعنی کثرت سے شراب نوشی کرنے والے تھے اور اس ٹرانس پلانٹ کے بعد بھی وہ چھپ چھپ کے شراب پیتے رہے لیکن پھر دوہزار تین میں ان کا بڑا آپریشن ہوا تب جاکر انھوں نے شراب سے توبہ کی۔

عہد جوانی میں وہ کام کے دوران بھی پانچ بوتلیں تو پی ہی جاتے تھے۔ انھیں زندہ دل اور ہردل عزیز کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔