عامر خان کی’تلاش‘ مایوس نہیں کرے گی

آخری وقت اشاعت:  جمعـء 30 نومبر 2012 ,‭ 07:39 GMT 12:39 PST
عامر خان، رانی مکھرجی اور جاوید اختر تلاش فلم کے میوزک ریلیز کے موقع پر( فائل فوٹو)

عامر خان نے تلاش فلم میں ایک پولیس افسر کا کردار ادا کیا ہے

عامر خان کی کسی بھی نئی فلم کا ’ٹریلر‘ جب منظر عام پر آتا ہے تو ان کے مداحوں کے منہ سے بےساختہ یہی بات نکلتی ہے کہ عامر خان کی فلم ہے تو اچھی ہی ہوگی۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ عامر خان کی ایک ہی دو فلمیں ایسی ہوں گی جنہوں نے مداحوں کو مایوس کیا ہے اور ان کی نئی فلم ’تلاش‘ یقینی طور پر ان میں سے نہیں۔

ریما کاگٹی کی ہدایت میں بنی یہ فلم ایک ’سسپنس تھرلر‘ ہے۔

ودیا بالن کی فلم ’ کہانی‘ فلم کے بعد یہ حال ہی میں آنے والی دوسری ایسی فلم ہے جو تجسس سے بھری ہے اور جو آپ کو شروع سے آخر تک باندھ کر رکھتی ہے لیکن ’تلاش‘ کہیں سے بھی ’ کہانی‘ سے ملتی جلتی فلم نہیں۔

لیکن میں یہ بھی بتانا چاہوں گا کہ جو لوگ ہالی وڈ کی اس قسم کی فلموں سے متاثر رہتے ہیں، انہیں کہیں بھی ہچكاك نظر نہیں آئیں گے۔ تلاش ایک تیز رفتار نہ صحیح پر ایک انتہائی پہیلي نما کہانی ہے۔

فلم ایک سسپنس کہانی کے سارے پہلوؤں پر کھری تو اترتی ہے ساتھ ہی ایک مرڈر مسٹري تھرلر جیسی فلموں سے کہیں ہٹ کر ہے۔

فلم میں اور سب کچھ ہوتے ہوئے کہانی کے بہت سے کرداروں کی ذاتی زندگی کی کہانی بھی کہی جا سکتی ہے جس میں محبت، لالچ اور ایک خطرناک کشش بھی ہے، مگر ان سب میں بھی ایک نيا پن ہے۔

فلم کی کہانی میں ایک مشہور فلم اداکار کی موت ہوجاتی ہے اور پولیس انسپکٹر شیخاوت( عامر خان) جب اس قتل کی تفتیش کرتے ہیں تو اس میں اتنے الجھ کر رہ جاتے ہیں کہ وہ اپنی نجی زندگی یہاں تک کہ اپنی بیوی کو بھی وقت نہیں دے پاتے۔

شیخاوت اور ان کی اہلیہ پہلے ہی بہت مایوسی بھری زندگی بسر کررہے ہیں کیونکہ ان کے اکلوتے بیٹے کی ایک حادثے میں موت ہوجاتی ہے۔

عامر خان جب فلم اداکار کے قتل کی تفتیش کرتے ہیں تو تفتیش کے دوران ان کی ملاقات بعض ایسے کرداروں سے ہوتی جو اس تفتیش کو مزید پیچیدہ کردیتے ہیں۔

عامر خان کی بیوی کا کردار رانی مکھرجی نے ادا کیا ہے۔ فلم میں عامر خان کا کردار سب سے اہم ہے لیکن ایسا نہیں ہے کہ دیگر کرداروں کو کہانی میں جگہ نہیں دی گئی ہے۔

رانی مکھرجی، نوازالدین صدیقی اور کرینہ کپور نے بے حد اہم کردار ادا کیے ہیں۔

ایک طرف جہاں کرینہ کپور ایک طوائف کا کردار کررہی ہیں اس لیے انہیں بے حد خوبصورت اور پرکشش دکھایا گیا ہے وہیں رانی مکھرجی نے بغیر میک اپ کے اپنا کردار کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم کی ہدایت کار ریما کاگٹی نے سخت ہدایات دی تھیں کہ رانی مکھرجی بالکل بھی میک اپ نہیں کریں گی اور اگر غلطی سے رانی ایسا کرلیتی تھیں تو ریما ان کا میک اپ اترواکر ہی انہیں شوٹ کرنے دیتی تھیں۔

کل ملا کر تلاش ایک اچھی فلم ہے جسے دیکھ کر آپ ایک بار پھر کہیں گے کہ عامر خان تو عامر خان ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔