جینی ریویرا کے حادثے کی تحقیقات

آخری وقت اشاعت:  منگل 11 دسمبر 2012 ,‭ 05:23 GMT 10:23 PST

میکسیکو نژاد امریکی گلوکار جینی ریورا اتوار کو 43 سال کی عمر میں طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئیں

امریکہ کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کہا ہے کہ امریکی گلوگارہ جینی ریویرا جس ہوائی حادثے میں ہلاک ہوئیں اس کی تحقیقات کے لیے وہ میکسیکو میں ایک ٹیم بھیجے گا۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (این ٹی ایس بی) کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ حادثے کی تحقیقات میں میکسیکن حکام کی مدد کرنے کے لیے ہوا بازی میں مہارت رکھنے والی ایک ٹیم میکسیکو بھیج رہے ہیں۔ اس ٹیم کے ساتھ فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے صلاح کار بھی ہوں گے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق این ٹی ایس بی کا کہنا ہے کہ لیئر جیٹ 25 کو ٹیکسس کے بین الا قوامی ایرپورٹ پر 2005 میں اترنے کے وقت حادثے میں بری طرح نقصان پہنچا تھا۔

میکسیکو نژاد امریکی گلوکارہ جینی ریویرا شمالی میکسکو کی ریاست نیوو لیون میں اتوار کو طیارے کے حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

میکسیکو کے حکام نے کہا ہے کہ انھیں نیوو لیون ریاست میں گلوکارہ کے لیئر جیٹ کا تباہ شدہ ملبہ ملا ہے۔

جینی ریویرا کے ساتھ طیارے میں سوار چھ دوسرے افراد بھی ہلاک ہو گئے تھے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق طیارے کے حادثے میں ہلا ک ہونے والوں میں دو پائلٹ، ارترو ریویرا، گلوکارہ کے میک اپ آرٹسٹ جیکب یبیل، ان کے دو دوست ماریو ماسیا اور گیرارڈو شامل ہیں۔

جینی ریویرا انیس سو انہتر میں کیلی فورنیا میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کے والدین میکسیکو کے باشندے ہیں۔

انھوں نے نارٹینو اور بنڈا موسیقی کے ایک کروڑ پچاس لاکھ ریکارڈ فروخت کیے ہیں۔

شہری ہوابازی کے سربراہ الیہاندرو آرگودین نے میکسیکو کے میڈیا سے کہا کہ طیارہ ’پوری طرح تباہ‘ ہو چکا ہے، اور اس کا ملبہ ایک بڑے رقبے پر پھیل گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرنے میں دس دن لگیں گے۔

حادثے کی جگہ سے ریویرا کے نام کا کیلیفورنیا کی ریاست سے جاری ڈرائیونگ لائسنس اور کچھ تصاویر ملی ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سنیچر کی شب جینی ریویرا نے میکسیکو کے شمالی شہر مونٹیری میں اپنا پروگرام پیش کیا تھا اور وہ وہاں سے میکسیکو سٹی کےقریبی شہر ٹولکا جا رہی تھیں جب ان کا طیارہ غائب ہو گیا۔

ریاست نیوو لیون کی حکومت کے ایک ترجمان نے کہا طیارہ مونٹیری سے اتوار کی صبح روانہ ہوا تھا اور دس منٹ بعد ہوابازی کے اہل کار سے اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسے ایک گھنٹے بعد ٹولکا پہنچنا تھا۔

جینی ریویرا لا ووز یعنی ’آواز‘ نام کے موسیقی کے معروف پروگرام کی جج بھی تھیں۔

اگرچہ ریویرانے منشیات کی سمگلنگ کے بارے میں نغمے گائے لیکن ان کی زیادہ تر موسیقی ان کی محبت میں ناکامی کے متعلق تھی۔

ہمارے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کرئیر کے عروج پر تھی اور ان کے مداح انھیں اپنے مسائل کے بارے میں کھل کے بات کرنے کی وجہ سے بہت پسند کرتے تھے۔

جینی ریویرا نے حال ہی میں اپنے شوہر ایستابان لوآئیسا جو ایک پیشہ ور بیس بال کے کھلاڑی ہیں، کو طلاق دی تھی۔

جینی ریویرا نے پانچ بچے سوگوار چھوڑے ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔