ٹام کروز کی فلم کا پریمیئر ملتوی

آخری وقت اشاعت:  اتوار 16 دسمبر 2012 ,‭ 14:00 GMT 19:00 PST
ٹام کروز

ٹام کروز کی نئی ایکشن فلم ' جیک ریچر' امریکہ میں اکیس دسبمر اور برطانیہ میں چھبیس دسمبر کو ریلیز ہونی ہے

امریکہ کی ریاست کنیٹی کٹ کے سینڈی ہک ایلیمنٹری سکول میں فائرنگ کے واقعے کے پیش نظر ٹام کروز کی نئی ایکشن فلم ’جیک ریچر‘ کا امریکہ میں ہونے والا پریمیئر ملتوی کردیا گيا ہے۔

اس فلم کے پروڈیوسر پیراماؤنٹ پکچرز کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان ’خاندانوں کے احترام میں کیا گیا جن کے پیاروں کو بے دردی سے مار دیا گیا ہے‘۔

امریکی شہر پٹسبرگ میں منعقد ہونا والا یہ پریمیئر اگر وقت پر ہوتا تو جون کے مہینے میں ٹام کروز اپنی اہلیہ کیٹی ہومز سے علیحدگی کے بعد میڈیا سے پہلی بار روبرو ہورہے ہوتے۔

پٹسبرگ کے ساؤتھ ورکس سنیما میں پریمیئر کی تیاری زور شور سے جاری تھیں اور یہ پریمیئر سنیچر کو ہی ہونا تھا۔

اطلاعات کے مطابق اس فلم میں ٹام کروز کے معاون اداکار رابرٹ ڈوال اور فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر میکواری بھی اس پریمیئر میں شرکت کرنے والے تھے۔

’جیک ریچر‘ امریکہ میں اکیس دسبمر اور برطانیہ میں چھبیس دسمبر کو ریلیز ہونی ہے۔

اگرچہ ابھی یہ معلوم نہیں ہے کہ فلم کے امریکہ میں ہونے والے پریمیئر کی کوئی اور تاریخ مقرر کی گئی ہے یا نہیں۔

جیک ریچر ٹام کروز کی نئی ایکشن فلم ہے جس کی کہانی ایک سابق فوجی اہلکار کی ہے جو امریکہ کا دورہ کرتا ہے۔

اس فلم کا آغاز ایک ایسے منظر سے ہوتا ہے جس میں ایک انتہائی تربیت یافتہ ’سنائپر‘ یا نشانے باز کو کئی لوگوں کو گولی سے ہلاک کرتے دکھایا گیا ہے۔

گزشتہ مہینے اس فلم کے یورپ کے مختلف شہروں میں کئی پریمیئر ہو چکے ہیں۔

اس فلم کی بیشتر شوٹنگ پٹسبرگ میں ہوئی ہے اور یہی وجہ تھی کہ فلم کا پریمیئر وہاں منعقد کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکہ کی ریاست کنیٹی کٹ کے سینڈی ہک ایلیمنٹری سکول میں جمعے کی صبح ایک حملہ آور نے گولی چلا کر سکول کےستائیس بچوں اور سٹاف کو ہلاک کردیا تھا۔

مشتبہ حملہ آور ایڈم لینزا اپنی ماں کو گھر پر ہلاک کرنے کے بعد گاڑی چلا کر سکول پہنچے اور زبردستی سکول میں گھسں کر بیس بچوں سمیت ستائیس افراد کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں سکول کے پرنسپل بھی شامل ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔