ایڈیل کے ’21‘ کا امریکہ میں فروخت کا ریکارڈ

آخری وقت اشاعت:  اتوار 6 جنوری 2013 ,‭ 05:48 GMT 10:48 PST

چوبیس سالہ گلوکارہ ایڈل کی یہ البم تاریخ کی کامیاب ترین البمز میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے۔

برطانوی گلوکارہ ایڈیل کی البم ’21‘ امریکہ میں مسلسل دوسرے سال بھی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم قرار دی گئی ہے۔

یہ البم جس میں ’رولنگ ان دا ڈیپ‘ اور ’ریومر ہیز اِٹ‘ جیسے مقبول گانے شامل ہیں کی دو ہزار بارہ میں امریکہ میں چوالیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں جبکہ دو ہزار گیارہ میں اٹھاون لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں تھیں۔

یہ 1991 میں نِیلسن ساؤنڈ سکین کی جانب سے امریکی المبز کی فروخت کے ریکارڈ رکھنے کے بعد پہلی بار ہے کہ ایک ہی البم مسلسل دو سال تک سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم بنا ہے۔

امریکہ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے البمز میں سے چار برطانوی گلوکاروں کے تھے جن میں برطانوی لڑکوں کے بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کا پہلا البم ’اپ آل نائٹ‘ تیسرے، جبکہ انہی کا دوسرا البم ’ٹیک می ہوم‘ پانچویں نمبر پر رہا۔ اس کے علاوہ ممفورڈ اینڈ سنز کا البم ’بیبل‘ چوتھے نمبر پر رہا۔

امریکی گلوکارہ ٹیلر سُوِفٹ کا البم ’ریڈ‘ دوسرے نمبر پر تھا جس کی صرف دو مہینوں میں اکتیس لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔

گلوکارہ ایڈل نے اسی البم پر چھ گریمی ایوارڈز اور دو بریٹ ایوارڈز حاصل کیے تھے۔

اس سے قبل ایڈیل کی البم ’21‘ برطانیہ میں فروخت ہونے والی تاریخ کی چوتھی مقبول ترین البم بن گئی تھی جو کہ اس سے پہلے ’اوئیسز‘ کی البم ’مورنگ گلوری‘ تھی۔

’آفِیشل چارٹس کمپنی‘ سے ملنی والی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ پانچ لاکھ مزید کاپیاں فروخت کرنے پر ایڈیل تیسرے مقام پر پہنچ جائیں گی جہاں ابھی ’ایبا‘ ہے۔

2012 کے آغاز میں اسی البم نے برطانیہ میں فروخت کا مائیکل جیکسن کے گانے ’تھرلر‘ کا ریکارڈ بھی توڑدیا تھا۔

2011 کی کرسمس کے موقع پر اس البم نے ایمی وائن ہاؤس کے البم ’بیک ٹو بلیک‘ سے زیادہ فروخت ہو کر اکیسویں صدی کی اب تک کی مقبول ترین البم کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

چوبیس سالہ گلوکارہ ایڈل نے اس البم پر چھ گریمی ایوارڈ اور دو بریٹ ایوارڈ جیتے تھے۔

اکتوبر 2012 میں ان کے پہلے بچے کی پیدائش بھی ہوئی۔

دنیا بھر میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی البم ابھی بھی مائیکل جیکسن کی تھرلر ہی ہے۔ چند اندازوں کے مطابق اب تک تھرلر کی سات کروڑ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔