بافٹا ایوارڈز کے لیے نامزدگیاں

آخری وقت اشاعت:  بدھ 9 جنوری 2013 ,‭ 17:22 GMT 22:22 PST

برٹش اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی وژن آرٹس کے اس سال کے ایوارڈز کے لیے نامزدگیاں کر دی گئیں ہیں جن میں سر فہرست امریکی خانہ جنگی کے زمانے پر بننے والے جنگی ڈرامے لنکن کو دس نامزدگیاں ملی ہیں۔

ان ایوارڈز کے جیتنے والوں کا اعلان دس فروری کو رائل اوپرا ہاؤس کووِنٹ گارڈن میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا جائے گا جو پچھلے سات سال سے اسی ہال میں منعقد ہو رہی ہے۔اس تقریب کے میزبانی کا فریضہ سٹیفن فرآئی انجام دیں گے۔

فلم لنکن کی دس نامزدگیوں میں بہترین فلم ڈینئیل ڈے لیوس کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ کے لیے نامزدگی بھی شامل ہے۔

اسی فلم میں معاون اداکاروں ٹومی لی جونز اور سیلی فیلڈ کو بھی بہترین معاون اداکاروں کے لیے بھی نامزد کیا گیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ اسی بہترین فلم کے ہدایتکار سٹیون سپیل برگ کو بہترین فلمی ہدایتکار کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔

لنکن کے بعد دوسرے نمبر پر میوزیکل فلم ’لا میزرابل‘ اور ہدایتکار اینگ لی کی فلم ’لائف آف پائی‘ نے نو نامزدگیاں حاصل کیں۔

فلم لنکن کو دس نامزدگیاں ملیں مگر فلم کے ہدایتکار سٹیون سپیل برگ کو بہترین فلمی ہدایتکار کے لیے نامزد نہیں کیا گیا۔

فلم ناقد لزو زمبا نے کہا کہ ’لنکن کے معاملے میں اداکار ڈینئیل ڈے لیوس کی نامزدگی پر سب کی توجہ مرکوز تھی۔ کوئی فلم کے بارے میں کچھ بھی کہے جیسا کہ ناقدین اس پر منقسم ہیں مگر ہر ایک اس بات پر متفق ہے کہ ان کی اداکاری بہت موثر اور مکمل طور پر قابل یقین تھی۔‘

اس کے بعد بونڈ فلم ’سکائی فال‘ کو آٹھ نامزدگیاں ملیں جن میں بہترین برطانوی فلم، بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے ڈیم جوڈی ڈینچ اور معاون اداکار کے ایوارڈ کے لیے ہاوئیر باردیم نامزد کیے گئے ہیں۔

ان نامزدگیوں کا اعلان برطانوی اداکارہ ایلس ایو اور اداکار جیریمی اِروِن نے بافٹا کے صدر دفتر میں بدھ کے روز کیا۔

سیاسی فلم ’آرگو‘ کو سات نامزدگیاں ملی ہیں جن میں بین ایفلِک کو بہترین اداکار اور ہدایتکار کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

دوسری امریکی فلمیں جو نامزد ہوئی ہیں ان میں ہدایتکارہ کیتھرین بِگلو کی فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ کو پانچ نامزدگیاں جبکہ پال ٹھامس اینڈرسن کی فلم ’دی ماسٹرز‘ کو چار نامزدگیاں ملی ہیں۔

ان نامزدگیوں کا اعلان برطانوی اداکارہ ایلس ایو اور اداکار جیریمی اِروِن نے بافٹا کے صدر دفتر میں بدھ کے روز کیا۔

کئی اہم برطانوی شخصیات جن کے بارے میں امید کی جا رہی تھی کہ وہ نامزد ہوں گے ان کی نامزدگی نہ ہونے نے سب کو حیران کیا ہے۔ ان میں سے بونڈ فلم کے ہیرو ڈینئیل کریگ اور ہدایتکار سیم مینڈیس شامل ہیں۔

مختلف اہم درجہ بندیوں میں نامزدگیاں یوں ہیں۔

بہترین فلم

1: آرگو

2: لا میزرابل

3: لائف آف پائی

4: لِنکن

5: زیرو ڈارک تھرٹی

بہترین مرکزی اداکارہ

1: امانویلا ریوا (فلم آمور)

2: ہیلن میرن (فلم ہچکوک)

3: جینیفر لارنس (فلم سلور لائننگز پلے بک)

4: جیسیکا چیسٹن (فلم زیرو ڈارک تھرٹی)

5: ماریوں کوٹیاڈ (فلم رسٹ اینڈ بون)

بہترین مرکزی اداکار

1: بین ایفلِک (فلم آرگو)

2: بریڈلی کوپر (فلم سلور لائننگز پلے بک)

3: ڈینئل ڈے لِیوس (فلم لنکن)

4: ہِیو جیکمین (فلم لیس میزراب)

5: چوکین فینیکس (فلم دی ماسٹر)

بہترین ہدایتکار

1: بین ایفلِک (فلم آرگو)

2: کوئنٹن ٹیرنٹرینو (فلم جینگو انچینڈ)

3: اینگ لی (فلم لائف آف پائی)

4: کیتھرین بِگلو (فلم زیرو ڈارک تھرٹی)

5: مائیکل ہینیکی (فلم آمور)

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔