بالی وڈ راؤنڈ اپ

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 19 جنوری 2013 ,‭ 11:38 GMT 16:38 PST

میڈیا نے کہا دپیکا کو ٹاٹا

دپیکا پاڈوکون نے جب سے فلمی دنیا میں قدم رکھا ہے تب سے لے کر اب تک میڈیا نے انہیں اپنے سر آنکھوں پر بٹھا کر رکھا ہے لیکن اب جب دپیکا کے فلمیں بہت زیادہ ہٹ نہیں ہورہی ہیں تو اب ذرا میڈیا بھی ان کو بہت زیادہ سر پرچڑھا کر نہیں رکھتا۔

حال ہی میں جب ایک پریس کانفرنس میں دیپیکا پاڈوکون دو گھنٹے تاخیر سے پہنچیں تو میڈیا والوں کو غصہ آگیا۔ پہلے تو وہ لوگ اتنظار کرتے رہے لیکن جیسے ہی ہال کے اندر دیپیکا پہنچی سب صحافی اپنے اپنے کیمرے اٹھا کر ہال سے نکل گئے اور دپیکا دیکھتی ہی رہ گئیں۔ اس سے قبل صحافی اس طرح کے رویے کا مظاہرہ شاہ رخ خان کے ساتھ بھی کر چکے ہیں۔

فلمی ستاروں کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا جلوہ تب تک ہی ہے جب تک وہ ہٹ فلمیں دیتے رہیں اور میڈیا کو خوش رکھتے رہیں۔

اکشےکمار کریں گے آدھی فیس میں کام

اکشے کمار

اکشے کمار آج کل سال میں پانچ سے زیادہ فلموں میں کام کرتے ہیں

اکشے کمار اس وقت بالی وڈ کے سب سے مصروف اور سب سے زیادہ فیس لینے والے اداکاروں میں سے ایک ہیں لیکن حال ہی میں اکشے کمار نے کچھ ایسا کیا جو کسی کو بھی متاثر کرسکتا ہے۔

اکشے کمار ایک نئے ہدایت کار کی فلم ’سپیشل 26‘ میں اداکاری کررہے ہیں لیکن اس فلم کے لیے اکشے کمار نے اپنی فیس کی آدھی رقم لینے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

اکشے کا کہنا ہے کہ وہ فلم کے بجٹ کے حساب سے فیس لیتے ہیں چونکہ اس فلم کا بحٹ کم ہے تو انہوں نے فیس بھی کم لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

’ اے ویڈنسڈے‘ نامی فلم بنانے والے نیرج پانڈے کی یہ دوسری فلم ہے جو آٹھ فروری کو ریلیز ہوگی۔

سلمان نے بڑھایا مدد کا ہاتھ

سلمان خان

سلمان خان ایک غیر سرکاری تنظیم چلاتے ہیں

سلمان خان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ لوگوں کی مدد کرنے میں سب سے آگے رہتے ہیں۔ گذ شتہ ہفتے میڈیا میں یہ خبر آئی کہ اداکارہ انترا مالی کے والد اور فوٹوگرافر جگدیش مالی ممبئی کی سڑک پر بے حد بری حالت میں پائے گئے۔

وہ سڑک پر نیم برہنہ حالت میں گھوم رہے تھے کہ تبھی ماڈل اور اداکار منک سنگھ کی نظر ان پر پڑی۔ منک نے انہیں اس حالت میں دیکھتے ہی کئی فلمی ہستیوں کو موبائل پر پیغام بھیجا تو سب سے پہلے سلمان خان نے اپنے ڈرائیور کو بھیجا اور جگدیش مالی کو ہسپتال میں داخل کرایا۔

جگدیش مالی ایک بےحد کامیاب فیشن فوٹوگرافر ہوا کرتے تھے لیکن اب ان کی ذہنی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ ان کے گھر والوں نے پہلے تو یہ ماننے سے انکار کر دیا کہ جگدیش مالی ذہنی طور پر فٹ نہیں ہیں اور کئی دنوں سے لاپتہ ہیں لیکن میڈیا کے دباؤ کے بعد انہوں نے اس بات کو قبول کیا اور ان کا علاج کرانے کا دعویٰ کیا۔

میں پاکستان جاتی ہی نہیں

آشا بھوسلے

آشا بھوسلے کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے ملک میں ہی گانا پسند ہے

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کا اثر دونوں ملکوں کے فن اور فن کاروں پر پڑتا نظر آرہا ہے۔

بھارت کی مقبول ترین گلوکارہ آشا بھونسلے کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان گانا گانے جاتی ہی نہیں اور انہیں اپنے ملک میں ہی گانا گانا پسند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں گانے کے لیے جاتی ہیں لیکن پاکستان نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ آشا بھوسلے کو یہ وضاحت ایک ایسے وقت میں دینی پڑی ہے جب پاک، بھارت کشیدگی کے سبب پاکستانی اداکار اور گلوکار علی ظفر کا ایک کانسرٹ بھارت میں منسوخ کردیا گیا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔