ریو ڈی جنیرو میں سالانہ کارنیوال کا آغاز

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 9 فروری 2013 ,‭ 12:05 GMT 17:05 PST

برازیل کے دارالحکومت ریو ڈی جنیرو میں عالمی شہرت یافتہ سالانہ کارنیوال سنیچر سے شروع گیا ہے تاہم اس سال میلے کا ماحول حال ہی میں شہر کے ایک نائٹ کلب میں آتشزدگی سے 238 افراد کی ہلاکت کی وجہ سے نسبتاً سوگوار ہے۔

اس میلے میں شرکت کے لیے جہاں دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد ریو پہنچی ہے۔

یہ کارنیوال پانچ دن جاری رہے گا اور ایک اندازے کے مطابق اس دوران دس لاکھ افراد یہ میلہ دیکھنے کے لیے ریو کا رخ کریں گے۔

رواں سال اس میلے میں سات سو سٹریٹ پریڈز منعقد ہوں گی جن میں رنگارنگ فلوٹ حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ میلے کے دوران سامبا رقص کرنے والے گروپوں کے مابین مقابلے بھی ہوں گے۔

اس کے ساتھ ساتھ شہر میں ہلاک شدگان کی یاد میں تقاریب کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔سانتا مریا کے علاقے میں جہاں یہ آگ لگی تھی میلے کے لیے خاص تیاریاں نہیں کی گئی ہیں۔

برازیل کی صدر دلما روسف نے بھی اس المناک واقعے کی وجہ سے اس سال ریو کارنیوال میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

دو ہزار تیرہ کے ریو کارنیوال میں ایک خاص پرفارمنس جنوبی کوریا کے پاپ سٹار سائی کی ہوگی جن کا گنگنم ڈانس سٹائل دنیا بھر میں مقبول ہوا ہے۔

گزشتہ برس اس میلے کے دوران ریو کی سب سے قدیم اور مقبول ترین سٹریٹ پارٹی کورڈوا ڈا بولا پریٹا کو دیکھنے کے لیے بائیس لاکھ افراد جمع ہوئے تھے جو کارنیوال کی ترانوے سالہ تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔

بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق اس سال یہ میلہ اس لیے بھی اہم ہے کہ یہ تقاریب شہر کے اس انفراسٹرکچر کی آزمائش ثابت ہوں گی جو دو ہزار چودہ کے فٹبال ورلڈ کپ اور دو ہزار سولہ کے اولمپکس کے لیے تعمیر کیا جا رہا ہے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔