’امیتابھ بچن کی بیٹی تو ہوں نہیں‘

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 14 فروری 2013 ,‭ 14:16 GMT 19:16 PST
نیہا شرما

نیہا شرما کی فلم جیئنتی بھائی کی لوسٹوری جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے

’جیئنتی بھائی کی لو سٹوری‘ فلم سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی اداکارہ نیہا شرما کا کہنا ہے کہ وہ فلموں میں کس طرح کے کردار ادا کریں گی اس کے لیے انہوں نے کوئی حد مقرر نہیں کی ہے۔

ان کا کہنا تھا ’میں امیتابھ بچن کی بیٹی تو ہوں نہیں کہ حد طے کرنے کے بعد بھی میرے گھر کے باہر پرڈیوسرز کی قطاریں لگی ہوں گی۔‘

نیہا شرما کی فلم ’جیئنتی بھائی کی لو سٹوری‘ جمعہ کو ریلیز ہو رہی ہے۔ اس فلم میں وویک اوبرائے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

نیہا شرما کی اس بات سے یہ موقف ایک بار پھر پختہ ہوجاتا ہے کہ بالی وڈ میں فلمی خاندانوں سے منسلک نئے اداکاروں کو انڈسٹری میں قدم جمانا ان نئے اداکاروں کی نسبت زیادہ آسان ہوتا ہے جن کا تعلق فلمی خاندانوں سے نہیں ہوتا ہے۔

نیہا شرما سے جب یہ پوچھا گیا کہ انہوں نے فلموں میں ’بولڈ‘ مناظر کرنے سے متعلق کوئی حد طے کی یا نہیں تو ان کا کہنا تھا ’میں یہ نہیں کہ سکتی کہ میں کس طرح کے مناظر کروں گی اور کس طرح کے نہیں۔ اس لیے میں نے سوچا ہے کہ میں کوشش کروں کہ جو کردار بھی کروں وہ سنجیدگی سے کروں۔ میں نے اپنے لیے کوئی حد مقرر نہیں کی ہے اور نا ہی مستقبل کے بارے میں زیادہ سوچا ہے۔‘

واضح رہے کہ بالی وڈ میں حال ہی میں قدم رکھنے والی شتروگھن سنہا کی بیٹی سوناکشی سنہا نے اپنی پہلی فلم ’دبنگ‘ کی ریلیز سے پہلے ہی یہ واضح کردیا تھا کہ وہ فلموں میں جسم کی نمائش نہیں کریں گی۔

سوناکشی کے اس اعلان کے باوجود انہیں بہت کم وقت میں متعدد فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا ہے۔

میں ایک بولڈ لڑکی ہوں۔ لیکن میں نے اس طرح کے مناظر پہلے کبھی نہیں کیے ہیں۔ پاکستان کی فلموں میں کام کیا ہے لیکن وہاں تو اگر کسنگ سین بھی کرلیتے ہیں تو لوگ کہنے لگتے ہیں کہ یہ کیسے کرلیا: سارہ لورین

کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ایک مشہور بالی وڈ سٹار کی بیٹی ہیں یا پھر یہ کہ آج کل کی اداکارائیں اپنے حدود خود طے کررہی ہیں اور وہ اپنی شرطوں پر کام کررہی ہیں۔

مہیش بھٹ کی نئی فلم ’مرڈر تھری‘ میں اہم کردار ادا کرنے والی پاکستانی اداکارہ سارا لورین بھی بالی وڈ میں قدم جمانے کے لیے بولڈ مناظر کرنے سے پرہیز نہیں کررہی ہیں۔

’مرڈر تھری‘ میں نیم برہنہ مناظر کے بارے میں سارا کہتی ہیں ’میں ایک بولڈ لڑکی ہوں۔ لیکن میں نے اس طرح کے مناظر پہلے کبھی نہیں کیے ہیں۔ پاکستان کی فلموں میں کام کیا ہے لیکن وہاں تو اگر کسنگ سین بھی کرلیتے ہیں تو لوگ کہنے لگتے ہیں کہ یہ کیسے کرلیا ۔۔۔ بالی وڈ میں حالات بہتر ہیں۔‘

سارا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’جب آپ اچھا کام کرتے ہیں تو لوگ آپ کی بات ضرور کرتے ہیں۔ ایک دو فلموں کی بات تو الگ ہے لیکن اگر آپ اپنا کیریئر بنانا چاہتے ہیں تو آپ کو اچھی اداکاری تو کرنی ہوگی۔‘

نیہا شرما، سوناکشی سنہا، اور سارا لورین ان نئی اداکاراؤں میں شامل ہیں جن کو یہ اچھی طرح معلوم ہے کہ وہ کیا کررہی ہیں۔

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔