ایڈیل، ایمیلی سینڈے، بین ہاروڈ کے لیے برٹ ایوارڈز

آخری وقت اشاعت:  جمعرات 21 فروری 2013 ,‭ 07:01 GMT 12:01 PST

گلوکارہ ایمیلی سینڈے کو دو ایوارڈز دیے گئے

لندن کے او ٹو ایرینا میں منعقد ہونے والے دو ہزار تیرہ کے برٹ ایوارڈز تقریب میں ایڈیل، ایمیلی سینڈے اور بین ہاروڈ کو اعزازات سے نوازا گیا۔

ایمیلی سینڈے نے بہترین برطانوی خاتون کے برطانوی البم کا ایوارڈ جیتا جبکہ بین ہاروڈ نے بہترین مرد گلوکار کے بہترین البم اور نوآموز فنکار کا ایوارڈ حاصل کیا

گلوکارہ ایڈیل کو ان کے جیمز باڈ فلم سکائی فال کے گانے پر بہترین گانے کا ایوارڈ دیا گیا مگر وہ تقریب میں موجود نہیں تھیں کیونکہ انہوں نے لاس اینجلیس میں آسکر ایوارڈز کی تقریب کی ریہرسل کے لیے رکنے کو ترجیح دی۔

انہوں نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کا پیغام ویڈیو کی صورت میں ریکارڈ کروا کر بھجوایا تھا جو اس تقریب میں چلائی گئی جس میں انہوں نے گزشتہ سال کا حوالہ بھی دیا جب ان کی ایوارڈ کی وصولی کے بعد کی تقریر وقت کی کمی کے باعث مختصر کر دی گئی تھی۔

ایڈیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’برٹ ایوارڈز دینے کا شکریہ یہ میرے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ میں معذرت خواہ ہوں کہ میں آپ کے ساتھ اس وقت موجود نہیں ہوں کیونکہ میں اس وقت لاس اینجلیس میں آسکرز کی تقریب کے لیے ریہرس کر رہی ہوں۔ میں آپ کا بہت زیادہ وقت نہیں لوں گی کیونکہ میں نہیں چاہوں گی کہ بہترین البم کی تقریر میں کوئی خلل پڑے جو اس تقریب کے آخر میں ہو گی، مگر میں آپ سب سے پیار کرتی ہوں۔‘

گلوکارہ ایڈیل کو بہترین گانے کا ایوارڈ سکائی فال فلم کے گانے پر دیا گیا جنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں شکریہ ادا کیا

ایمیلی سینڈے اس تقریب میں چار نامزدگیوں کے ساتھ شریک ہوئیں جن میں سے دو بہترین سنگل گانے کی درجہ بندی میں تھیں۔ ان کی بہترین خاتون برطانوی گلوکارہ کی درجہ بندی میں جیت کا مطلب یہ تھا کہ ایمی وائن ہاؤس کو ان کی وفات کے بعد ایوارڈ نہیں ملا۔

ایمیلی سینڈے نہ کہا کہ انہوں نے اس البم کو اس لیے لکھا کیونکہ ان کے پاس ’یہ اعتماد نہیں تھا کہ وہ یہ سب خود کہہ سکتیں‘۔

ایمیلی سینڈے کے البم ’آؤر ورژن آف ایونٹس‘ یا واقعات کا ہمارا نظریہ برطانیہ کا دو ہزار بارہ کا بہترین البم تھا جس کی چودہ لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔

برطانوی فوک راک بینڈ گروپ ’ممفورڈ اینڈ سنز‘ کو بہترین برطانوی گروپ کا ایوارڈ دیا گیا جن کے البم ’بابیل‘ کو گریمی ایوارڈز میں اس برس کے بہترین البم کے خطاب سے بھی نوازا گيا تھا۔

گلوگار اور نغمہ نگار بین ہاروڈ اس سال کے حیران کن فاتح تھے جنہیں بہترین نئے برطانوی فنکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

کولڈ پلے کو بہترین لائیو گانے کا ایوارڈ دیا گیا۔

گلوگار اور نغمہ نگار بین ہاروڈ اس سال کے حیران کن فاتح تھے جنہیں بہترین نئے برطانوی فنکار کا ایوارڈ دیا گیا

بین القوامی درجہ بندی میں بلیک کیز کو بہترین گروپ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ فرینک اوشین کو بہترین مرد جبکہ لانا ڈیل رے کو بہترین خاتون گلوکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

عالمی کامیابی کا ایوارڈ برطانوی لڑکوں کے بینڈ ’ون ڈائریکشن‘ کو دیا گیا جنہیں برطانیہ سے باہر عالمی سطح پر کامیابی حاصل ہوئی۔

اس تقریب میں گلوکاروں روبی ولیمز، میوز، ٹیلر سوِفٹ اور جسٹن ٹمبر لیک نے فن کا مظاہرہ کیا۔

تقریب کی میزبانی کے فرائض کامیڈین جیمز کورڈن نے انجام دیے جنہوں نے گزشتہ سال کے واقعے پر بات کی جب انہیں گلوکارہ ایڈیل کی تقریر مختصر کروانی پڑی تھی۔

انہوں نے اس واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے گلوکارہ ٹیلر سوِفٹ کو سٹیج پر بلوایا جنہیں دو ہزار نو میں اپنی تقریر مختصر کرنی پڑی جس کے حوالے سے جیمز کورڈن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’ایک عالمی سپر سٹار جن کی تقریر میں خلل ڈالا گیا ایک ایوارڈز تقریب میں، مگر ایسا یہاں برطانیہ میں کبھی نہیں ہوا، میرے ہوتے ہوئے تو کبھی نہیں، بالکل نہیں ہوا‘۔

تمام ایوارڈ یافتگان کو فنکار ڈیمیان ہرسٹ کے ڈیزائن کردہ ایوارڈ دیے گئے۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔