کشمیری فلم کے لیے کینیڈین ایوارڈ

آخری وقت اشاعت:  پير 4 مارچ 2013 ,‭ 11:56 GMT 16:56 PST
کشمیری فلم پارتو

کشمیری فلم پارتو کا بجٹ 75 لاکھ تھا

گزشتہ دنوں کشمیر کی لڑکیوں کا راک بینڈ ’پرگاش‘ سرخیوں میں تھا تو ان دنوں کشمیری فیچر فلم، ’پارتو‘ (Partav) کو کینیڈا میں منعقدہ بین الاقوامی فلمی میلے میں کافی پذیرائی ملی ہے۔

اس فلم نے عالمی فلمی میلے میں فیچر فلم کے زمرے میں بہترین کارکرگی کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

ایک پروفیسر کی کہانی کو بیان کرتی یہ پہلی کشمیری فلم ہے جسے بین الاقوامی اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

’پارتو‘ کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ اسے مکمل طور پر 35 ایم ایم ڈیجیٹل فارمیٹ پر شوٹ کیا گیا ہے۔

یہ فلم کشمیری زبان میں ہے۔ کشمیری لفظ ’پارتو‘ کا مطلب ہے ’اثرات‘ اور اس فلم میں ایک پرفیسر اپنے ادبی جنون کے لیے سب کچھ چھوڑ دیتا ہے۔

فلم کے ہدایت کار دلنواز منتظر نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں فلم بنانا آسان نہیں ہے اور ان کی ٹیم کو فلم بناتے وقت کئی قسم کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

کشمیری فلم

کشمیری فلم پارتو پہلی بین الاقوامی فلم ہے جسے کسی اعزاز سے نوازا گیا ہے

منتظر کہتے ہیں: ’فلم کا بجٹ 75 لاکھ تھا جس میں سے 25 لاکھ کا بندوبست ہم نے خود کیا اور باقی کے لیے قرض لیا۔ کوئی تاجر ہمیں قرضہ دینے کو تیار نہیں تھا۔ یہاں تک کی ثقافت کے شعبے نے بھی مدد نہیں کی۔‘

فلم کے پریمیئر میں آنی والی مشکلات کی بات کرتے ہوئے منتظر نے کہا کہ ’حکومت نے یا محکمہ ثقافت نے ہمیں فلم کے پریمیئر کے لیے بھی کوئی مدد نہیں کی، بلکہ کسی طرح کا کوئی ردِ عمل ہی نہیں دیا۔‘

35 سالہ منتظر کے مطابق وادی کے تاجر اور حکومت اگر آگے آئے تو کشمیری سنیما میں دوبارہ جان آ سکتی ہے جو فی الحال ایک خاموش موت سے دوچار ہے۔

منتظر پیشے کے اعتبار سے دانتوں کے ڈاکٹر ہیں۔ ان کا خیال ہے کہ یہ انعام صرف ان کے لیے نہیں، کشمیر کے لوگوں کے لیے بھی ایک بڑی کامیابی ہے۔

منتظر نے امید ظاہر کی ہے کہ فلم اور اس کی پذیرائی کشمیر کی بے وقعت فلمی صنعت میں جان ڈال دے گی۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔