’خواہش ہے بیٹی فلم انڈسٹری کا حصہ بنے‘

آخری وقت اشاعت:  پير 11 مارچ 2013 ,‭ 09:59 GMT 14:59 PST
شاہ رخ خان اور گوری خان

بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ ان کی خواہش ہے کہ ان کی بیٹی سوہانا فلم انڈسٹری کا حصہ بنے۔

بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹر میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ رخ نے کہا ’میری خواہش ہے کہ سوہانا اداکارہ بنے۔ وہ بالی وڈ کا حصہ بنتی ہے تو مجھے اس پر فخر ہوگا‘۔

شاہ رخ کے مطابق وہ تقریبا بیس برس سے فلم انڈسٹری میں ہیں اور انہوں نے اس کی ہر چیز کا بھرپور لطف اٹھایا ہے۔

انھوں نے کہا ’فلموں میں آنے کے بعد اس کے جو اہم ترین شعبے ہوتے ہیں جیسے ڈانس، گلوکاری اور اداکاری وہ سب سوہانا کرے گی تو مجھے اس پر بے حد فخر ہوگا‘۔

خیال رہے کہ سوہانا کے علاوہ شاہ رخ خان کا ایک بیٹا آرين ہے جو بیرون ملک تعلیم حاصل کر رہا ہے۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ اداکارائیں بھارتی فلم انڈسٹری کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے بغیر فلم کا تصور ہی نہیں کیا جا سکتا۔

معروف بھارتی اداکار نے حال ہی میں خواتین کے عالمی دن پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا آیندہ ان کی تمام فلموں میں ان سے پہلے اس فلم کی ہیروئن کا نام آیا کرے گا۔

واضح رہے کہ کاسٹنگ میں سر فہرست نام عام طور پر فلم کے ہیرو کا آتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کا آغاز وہ اپنی نئی فلم ’چنئی اکسپریس‘ سے کر رہے ہیں جن میں ان کے ساتھ دیپیکا پادوکون اہم کردار نبھا رہی ہیں۔

اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ کا کہنا تھا ’ہماری شادی کو 21 سال ہو گئے ہیں۔ گوری(شاہ رخ کی بيگم) ہم سب کی بہت اچھی طرح سے دیکھ بھال کر رہی ہیں۔ وہ ایک بہترین خاتون ہیں۔ میں اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں زیادہ باتیں کرنا پسند نہیں کرتا، لیکن گوری واقعی میں بہت اچھی ہیں‘۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔