جُراسک پارک4 کے ہدایتکار کولن ٹریورو

آخری وقت اشاعت:  اتوار 17 مارچ 2013 ,‭ 06:53 GMT 11:53 PST
کالن ٹریورو

اس سے قبل کالن ٹریورو نے صرف ایک فیچر فلم سیفٹی ناٹ گارنٹیڈ کی ہدایت کاری کی ہے

عالمی سطح پر معروف فلم سٹوڈیو یونیورسل پکچرز نے کہا ہے کہ جُراسک پارک4 کی ہدایات قدرے غیر معروف نوجوان ہدایتکار کولن ٹریورو کریں گے۔

واضح رہے کہ جُراسک پارک4 کا ایک طویل عرصے سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل اس فلم کے دو حصوں کی ہدایات ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار سٹیون سپیل برگ نے دی تھیں۔

36 سالہ ٹریورو نے گزشتہ سال دو ہزار بارہ میں ’سیفٹی ناٹ گارنٹیڈ‘ کے ساتھ فلموں کی ہدایت کاری کے میدان میں قدم رکھا تھا۔

اس چوتھی فلم میں سپیل برگ ایگزیکٹو پروڈیوسر یعنی فلم ساز ہیں۔ ڈائناسور فرنچائز کی پہلی فلموں پر بہت اخارجات آئے تھے جن کا تخمینہ تقریبا دو ارب ڈالر ہے۔

یہ نئی فلم تھری ڈی میں بنائی جارہی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اسے جون 2014 میں عالمی سطح پر نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2011 میں ہی سپیل برگ نے یہ اعلان کیا تھا کہ جُراسک پارک4 کو شروع کیا جا رہا ہے۔ ناظرین کے لیے یہ بات کافی دلچسپ ہوگی کہ تیرہ سال کے انتظار کے بعد جُراسک پارک کا سیکوئل انہیں دیکھنے کو ملے گا۔

یونیورسل پکچرز نے اس کے علاوہ فلم کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی ہے کہ اس میں کون کون اداکاری کر رہا ہے اور اس کی کہانی کیا ہے۔

بہرحال اس فلم کو رک جیفا اور اماندا سلور لکھنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ ان دونوں نے مل کر رائز آف دی پلینٹ آف دا ایپس کا سکرین پلے لکھا تھا۔

جوراسک پارک

جوراسک پارک سیریز کی پہلی دو فلموں کی ہدایت کاری سٹیفن سپیلبرگ نے کی تھی

جُراسک پارک اور دل لوسٹ ورلڈ آف جوراسک پارک نے بالترتیب تقریبا 91 کروڑ 47 لاکھ اور 61 کروڑ 86 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی کی تھی۔ یہ فلمیں 1993 اور 1997 میں جاری ہوئی تھیں۔

جُراسک پارک- 3 کی ہدایت کاری کیپٹن امریکہ کے ہدایت کار جو جونسٹن نےدی تھی اور یہ فلم 2001 میں جاری ہوئی تھی۔ پہلی دو فلموں کے مقابلے تیسری فلم نے زیادہ بزنس نہیں کیا اور صرف 36 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی ہی کر سکی جو کہ گزشتہ دونوں فلموں کے مقابلے میں کافی کم تھی۔

جُراسک پارک امریکہ میں اپریل کے مہینے میں جاری کی جائے گی اور اس کے ساتھ ہی یہ اپنی بیسویں سالگرہ بھی منائے گی۔

واضح رہے کہ ٹریورو کی آزاد کامیڈی فلم ’سیفٹی ناٹ گارنٹیڈ‘ کو 2012 کے سن ڈینس فلم فسٹیول میں دکھایا گیا تھا۔ اس فلم میں مارک ڈوپلاس نے ایک خبطی موجد کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ماضی میں جانا چاہتا ہے۔

اس فلم کو انڈیپنڈنٹ سپرٹ ایوارڈز میں بہترین پہلی فلم کا ایوارڈ دیا گیا تھا اور اسے بہترین سکرین پلے کے اعزاز سے بھی نوازا گيا تھا۔

اس سے قبل اس نئے ہدایت کار نے صرف ٹیلی ویژن کے لیے فلمیں اور ڈاکومنٹریز بنائی ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014 بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔