سنجے کی غلطی اور بالی وڈ امتحان میں فیل

سنجے کی غلطی تو ہے۔۔۔

Image caption سنجے دت نے حال ہی میں اپنی سزا کی معافی کی اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

اداکار سنجے دت کو پانچ سال قید کی سزا سنائے جانے پر جہاں بالی وڈ کے تقریباً تمام نام ان کے حق میں کھڑے ہوئے ہیں اور ان کے لیے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں وہیں سنجے دت کے ساتھ کئی فلمیں کرنے والے اداکار سنی دیول کی رائے کچھ الگ ہی ہے۔

اپنی فلم یملا پگلا دیوانہ - 2 کی تشہیری مہم کے دوران سنی دیول بولے،’سنجو میرے دل کے بہت قریب ہے۔ ہم نے کافی کام ساتھ میں کیا ہے۔ میں اس کے لیے خاصا دکھ محسوس کر رہا ہوں لیکن اس معاملے میں کوئی کچھ نہیں کر سکتا. غلطی تو آخر غلطی ہوتی ہے۔‘

سنی نے مزید کہا، ’میں خاص طور پر ان کی بیوی اور بچوں کے لیے دکھی ہوں کیونکہ اب ایک لمبے عرصے انہیں سنجو سے دور رہنا پڑے گا۔‘

سنی دیول کے ساتھ موجود ان کے والد دھرمیندر نے بھی اس معاملے پر بات کی۔ انہوں نے کہا، ’وہ ہمارے خاندان کی طرح ہے۔ میں زیادہ نہیں کہوں گا لیکن اس کی سزا کے بارے میں سن کر مجھے بہت دکھ ہوا تھا اور میں رویا تھا۔ میرا دل کہتا ہے کہ اس مسئلے کا کچھ نہ کچھ حل تو ضرور نکلے گا۔‘

چھ ماہ میں مانیں پرینکا

فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ وڈالا‘ میں اپنے آئٹم نمبر ’ببلی بدمعاش‘ کے خبروں میں آنے والی پرینکا چوپڑا کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات کا فیصلہ کرنے میں چھ ماہ لگے کہ آیا وہ یہ گانا کریں یا نہیں۔

پرینکا کے مطابق اس فلم کی پروڈیوسر ایکتا کپور ان کی اچھی دوست ہیں لیکن پھر بھی انہوں نے اس گانے کے لیے ’ہاں‘ کرنے میں ایک طویل وقت لیا۔

اس فلم میں پرینکا کے علاوہ سنی لیونے بھی ایک آئٹم نمبر کر رہی ہیں۔

اس فلم میں جان ابراہم، انیل کپور، تشار کپور اور کنگنا رناوت اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بالی وڈ پہلی سہ ماہی میں فیل

Image caption ’ریس ٹو‘ میں تو فلمساز كمپني يو ٹي وي کو کم از کم 20 کروڑ کا نقصان ہوا

امتحان کا موسم چل رہا ہے اور بچوں کے ساتھ ساتھ بالی وڈ نے بھی 2013 کی پہلی سہ ماہی کا امتحان مکمل کر لیا ہے۔

اس سہ ماہی میں تقریباً 30 فلمیں ریلیز ہوئی جس میں بڑے فلمی ستاروں کی ’ریس 2‘ جیسی فلم شامل تھی تو تمام نئے فنکاروں والی ’ كائی پو چے‘ بھی ریلیز کی گئی۔

فلمی کاروبار کے ماہر کومل ناہٹا کے مطابق نئے اور پرانے چہروں کے ساتھ بالی وڈ کا سہ ماہی نتائج خراب ہی رہا اور جہاں ایک بھی فلم ہٹ نہیں ہوئی وہیں بیشتر فلمیں اپنی لاگت بھی پوری نہیں کر سکیں۔

کومل کہتے ہیں کہ اس سہ ماہی کی سب سے بڑی فلم ’ریس ٹو‘ میں تو فلمساز كمپني يو ٹي وي کو کم از کم 20 کروڑ کا نقصان ہوا جبکہ سپر سٹار اکشے کمار کی ’سپیشل 26‘ چلی تو پانچ ہفتے لیکن تقسیم کاروں کو اپنے 35 کروڑ واپس نہیں مل پائے۔

کومل کے مطابق اس سال کی شاندار ہٹ کے لیے ابھی چار پانچ ماہ اور انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ عامر خان کی ’دھوم 3‘ ہو یا شاہ رخ کی ’چنئی ایکسپریس‘ یہ سب سال کے آخری مہینوں میں ریلیز ہوں گی۔

اسی بارے میں