امیشا بنیں پروڈیوسر اور عامر خان کی چاہت

Image caption فلم دیسی میجک میں امیشا کے ساتھ زید خان بھی دکھائی دیں گے

دس سال پہلے فلم ’کہو نہ پیار ہے‘ میں ہرتیک روشن کے ساتھ بالی وڈ میں قدم رکھنے والی امیشا پٹیل اب پروڈیوسر بن گئی ہیں۔

بطور پروڈیوسر ان کی فلم ’دیسی میجک‘ میں ان کے ساتھ زید خان اور رنبیر کپور بھی جلوہ گر ہوں گے۔

امیشا اس فلم کے بارے میں کہتی ہیں، ’میں اپنے اس نئے کردار کے بار میں بہت پرجوش ہوں، اور فلم کی سٹار کاسٹ زبردست ہے۔‘

بالی وڈ میں فلم ’کہو نا پیار ہے،‘ سے زبردست ابتدا کرنے کے بعد اور ’غدر‘ جیسی بڑی فلمیں کرنے کے باوجود امیشا پٹیل بیچ میں اپنے ذاتی معاملات اور لگاتار ڈبہ فلموں کی وجہ سے ذرا دور ہو گئی تھیں۔

حال میں وہ فلم ’ریس 2‘ میں ایک چھوٹے سے کردار میں نظر آئی ہیں۔

’سلمان کے ساتھ کام کرنے کی چاہت ہے‘

Image caption ’انداز اپنا اپنا‘ میں عامر خان اور سلمان خان کی جوڑی کو بے حد سراہا گیا تھا

تقریباً 20 سال پہلے سلمان خان اور عامر خان کی جوڑی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں ایک ساتھ نظر آئی تھی۔ یہ فلم آج بھی لوگوں کو یاد ہے۔ اس فلم کے بعد سلمان اور عامر نے کبھی اکٹھے کام نہیں کیا۔

لیکن حال ہی میں ایک پریس کانفرنس میں عامر خان نے کہا ہے، ’مجھے سلمان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔ ’انداز اپنا اپنا‘ میری بھی من پسند فلموں میں سے ایک ہے اور اگر کوئی اچھا سکرپٹ ملا تو میں اور سلمان ایک بار پھر ساتھ کام کریں گے۔‘

18 اپریل کو سنجے دت جائیں گے جیل

اپنی ادھوری فلموں کی شوٹنگ مکمل کرنے میں مصروف سنجے دت اس مہینے کی 18 تاریخ کو اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کر دیں گے۔

سنجے دت اس وقت راجو ہیرانی کی فلم ’پی کے‘ کی شوٹنگ میں لگے ہوئے ہیں اور کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے سبھی سین 18 اپریل سے پہلے پہلے ختم کر دیے جائیں۔

Image caption سنجے دت کی آزاد زندگی کے صرف دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں

سنجے دت فلم ’گھن چکر‘ میں بھی ایک چھوٹے سے کردار میں دکھائی دینے والے تھے جو اب وہ وقت کی کمی کی وجہ سے نہیں کر پائیں گے۔

سنجے دت کو 2006 میں ممبئی میں 1993 کے دھماکوں کے ملزمان سے ہتھیار ِخریدنے کے الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا۔

اس معاملے میں وہ 2007 سے ضمانت پر تھے تاہم رواں برس 21 مارچ کو سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سنجے دت کی سزا چھ سال سے کم کر کے پانچ سال کر دی تھی اور انہیں خود کو حکام کے حوالے کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا تھا۔

وہ پہلے ہی ڈیڑھ سال کی قید کاٹ چکے ہیں۔

اسی بارے میں