’بیٹا ہوتا تو شاہ رخ خان جیسا ہوتا‘

Image caption شاہ رخ خان، دلیپ کمار اور امیتابھ بچن نے ایک میگزین کے لیے ایک ساتھ فوٹو شوٹ میں حصہ لیا

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ خان نے دلیپ کمار سے اپنی شناسائی کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد اور دلیپ کمار دونوں ہی کا تعلق پشاور سے ہے۔

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ممبئی میں جب پہلی بار وہ دلیپ کمار سے ملے تو اس وقت دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے ان کے بالوں پر ہاتھ پھیرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر ہمارا کوئی بیٹا ہوتا تو وہ شاہ رخ خان جیسا ہوتا‘۔

وہ کہتے ہیں کہ ان کے لیے یہی بہت بڑی بات ہے کہ سائرہ بانو انہیں اپنے بیٹے جیسا کہیں۔

شاہ رخ نے یہ باتیں تفریح کے لیے ایک مخصوص میگزین کے ساتھ بات چيت میں کہیں جس کے ایک خاص ایڈیشن کے لیے پہلی بار امیتابھ بچن، دلیپ کمار اور شاہ رخ خان نے ایک ساتھ فوٹو شوٹ کرایا ہے۔ یہ فوٹو شوٹ دلیپ کمار کے گھر میں کیا گیا۔

اس موقع پر شاہ رخ نے اپنے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے اپنی اور امیتابھ بچن کی ملاقات کا بھی ذکر کیا۔

شاہ رخ کہتے ہیں’ایک بار جب مجھے امیتابھ سے ملنے کا موقع ملا تو میں نے ان سے پوچھا کہ وہ فارغ اوقات میں کیا کرتے ہیں۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے امیتابھ نے کہا کہ ان دنوں ان کے گھر میں ایک چوہا گھس آیا ہے جو رات میں بڑا پریشان کرتا ہے اور وہ فارغ اوقات میں اسی چوہے کو پکڑنے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں‘۔

شاہ رخ کہتے ہیں کہ یہ لمحے ان کے لیے اس لیے بھی اتنے خاص ہیں کیونکہ سائرہ بانو اور امیتابھ بچن سے ایسی باتیں سننے کے بعد اگر وہ اداکار نہ بھی بنتے تو بھی ان کی زندگی کامیاب تھی۔

فوٹو شوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ رخ کہتے ہیں’دلیپ صاحب اور امیتابھ بچن کے ساتھ یہ تصویریں شوٹ کرانا اپنے آپ میں ہی میرے لیے بہت بڑی بات رہی۔ ان دونوں کے ساتھ یہ جانتے ہوئے کچھ وقت گزارنا کہ وہ دونوں کتنے عظیم اداکار ہیں اس سے بڑی بات میرے لیے اور کیا ہو سکتی تھی‘۔

شاہ رخ کہتے ہیں’شوٹ کے دوران ایک بہت ہی اچھا گانا بج رہا تھا اور دلیپ کمار اس نغمے پر اپنے ہاتھ ہلاتے رہے اور یہ بات آپ تصویروں میں بھی دیکھ سکتے ہیں‘۔

شاہ رخ یہ بھی کہتے ہیں کہ اس شوٹ کے دوران دلیپ کمار ہی تھے جنہوں نے اپنا کام سب سے بہتر طریقے سے کیا۔

دلیپ کمار کی عمر 90 سال ہے۔ انہوں نے فلم میں اپنے کیرئیر کا آغاز 1944 میں بنی فلم جوار بھاٹا سے کیا تھا۔ دلیپ کمار 1998 تک فلموں میں نظر آئے۔

اسی بارے میں