سنجے دت پونے کی یرواڈا جیل منتقل

Image caption بھارتی اداکار سنجے دت کو پونے کی یرواڈا جیل منقل کر دیا گیا ہے۔

بالی وڈ کے مشہور اداکار سنجے دت کو غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم کی سزا پوری کرنے کے لیے بھارتی ریاست پونے کی یرواڈا جیل منقل کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ انھیں غیر قانونی طور پر رائفل اور پسٹل خریدنے کے جرم میں پانچ سال کی سزا ہوئی تھی جس میں سے اٹھارہ ماہ کی قید وہ پہلے ہی کاٹ چکے ہیں۔

سنجے دت نے ان حملہ آورں سے غیر قانونی طور پر ہتھیار خریدے تھے جنہوں نے ممبئی میں سنہ انیس سو ترانوے میں دھماکے کیے تھے۔ ان دھماکوں کے نتیجے میں 257 افراد ہلاک جبکہ 713 زخمی ہو گئے تھے۔

انہیں حملے کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام سے بری کر دیا گیا تھا لیکن غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے جرم میں وہ قصوروار پائے گئے۔

ٹاڈا کی عدالت نے سنجے دت کو غیر قانونی طور پر ہتھیار رکھنے کا مجرم پایا تھا اور چھ سال کی سزا سنائی تھی جسے سپریم کورٹ نے کم کر کے پانچ سال کر دیا تھا۔

سنجے دت کو گزشتہ ہفتے ممبئی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ عدالت کی اجازت کے بعد سنجے دت کو جیل میں ادویات اور گھر کے پکے کھانے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے اپنی فلمیں مکمل کرنے کے لیے عدالت سے مہلت مانگی تھی جیسے مسترد کر دیا گیا۔

53 سالہ اداکار کو جیل میں کپڑے، جوتے، تکیے اور ٹوتھ پیسٹ کے ساتھ مذہبی کتابیں بھی لے جانے کی اجازت ملی ہے جبکہ عدالت نے الیکٹرانک سگریٹ لے جانے کی اجازت نہ دیتے ہوئے انہیں سگریٹ نوشی ترک کرنے کا مشہورہ دیا ہے۔

سنجے دت نے ٹاڈا کی عدالت میں کہا تھا کہ انہیں شدت پسند تنظیموں سے جان کا خطرہ ہے۔

انہوں نے اس سزا کے خلاف سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست بھی داخل کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اس پر غور کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

انہیں گزشتہ ماہ عدالت کے سامنے پیش ہونا تھا لیکن سپریم کورٹ نے انہیں ایک ماہ کی مہلت دی تھی جو کہ 16 مئی کو ختم ہوگئي۔

.

اسی بارے میں