جینیفر کا اپنے ’نامناسب لباس‘ کا دفاع

Image caption جینیفر لوپز کا اصرار ہے کہ چست لباس کا انتخاب اُن کا صیحٰی فیصلہ ہے اور وہ تنقید کے باوجود بھی خوش ہیں۔

گلوکارہ جینیفر لوپز نے ایک ٹی وی پروگرام میں شرکت کے دوران اپنے ’نامناسب لباس‘ پر کی جانی والی تنقید کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا لباس مناسب تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ وہی لباس پہنیں گی جو انھیں اچھا لگے گا۔

برطانوی ٹی وی پر نشر ہونے والے پروگرام ’Britain's Got Talent‘ میں جینیفر لوپز نے جو لباس زیبِ تن کر رکھا تھا اُس پر تقریباً ایک سو شکایات موصول ہوئی ہیں۔

انھوں نے کہا: ’میں نے ایسا ہی سرخ رنگ کا لباس بِل بورڈ ایوارڈز کی تقریب میں بھی پہنا تھا اور اُس وقت کوئی تنقید نہیں ہوئی تھی۔ اس لیے میں نے سوچا کہ یہ (لباس) مناسب ہے۔‘

ٹیلنٹ شو کا سیمی فائنل منگل کی رات مقامی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے سے نو بجے کے درمیان نشر کیا گیا۔ جینیفر لوپز نے اپنے گانے کی پرفارمنس کے دوران گھٹنوں سے اوپر تک لمبے جوتے پہنے تھے جب کہ اوپری جسم کو مصنوعی پروں سے بنے لباس سے ڈھانپ رکھا تھا۔

پروگرام میں شامل ججوں نے جینیفر کی پرفارمنس کو سراہا۔

43 سالہ امریکی فنکارہ سے پرفارمنس سے پہلے کہا گیا تھا کہ یہ ایسا شو ہے جیسے سارا خاندان دیکھ سکتا ہے۔

جینیفر لوپز کا اصرار ہے کہ چست لباس کا انتخاب اُن کا صحیح فیصلہ ہے اور وہ تنقید کے باوجود بھی خوش ہیں۔ لوپز کا کہنا تھا: ’میں وہی پہنوں گی جو مجھے اچھا لگے گا۔‘

اسی بارے میں