بالی وڈ میں جیا کی جواں مرگ موضوعِ بحث

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

جیا خان کی جواں مرگی سے اٹھے سوال

Image caption جیا خان کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ شاید انھیں کام نہیں مل رہا تھا

اداکارہ جیا خان کی جواں مرگی ایک معمہ بن کر رہ گئی ہے اور ان کے جانے سے بالی وڈ میں لامتناہی جدوجہد کی کہانیاں بحث کا موضوع بن گئی ہیں۔

فلم ’نشبد‘ میں جیا کو پہلا بریک دینے والے رام گوپال ورما نے ایک اخبار میں لکھا: ’میں بے وقوف تھا کہ اسے صبر کرنے کی تلقین کرتا رہا، وہ تو گزشتہ چھ سالوں سے صرف اور صرف انتظار کر رہی تھی، کام ملنے کا انتظار۔‘

گلیمر اور خاص طور پر بالی وڈ کی دنیا کے لیے کہا جاتا ہے کہ چھ کیا کئی سالوں کے انتظار کے بعد بھی کام ملنا آسان نہیں ہوتا۔

لیکن کیا بالی وڈ واقعی میں اس قدر ’بے رحم‘ ہے کہ محض پچیس سال کی عمر میں ہار مان لی جائے اور گلیمر کی دنیا میں ناکامی کا خوف صرف ہیروئنوں کو ہی کیوں ہوتا ہے ایسے بہت سے سوال ہیں جو جیا خان کی موت سے ابھرے ہیں۔

نصیر اور مادھوری کے رومانوی مناظر

Image caption عشق فرمانے کی کوئی عمر ہے کیا؟

معروف اداکارہ مادھوری دکشت اور 63 سالہ اداکار نصیر الدین شاہ پہلی بار بڑے پردے پر ایک دوسرے کے ساتھ عشق کرتے نظر آئیں گے۔

فلم کا نام ہے ’ڈیڑھ عشقیہ‘ اور فلم کے ہدایت کار ابھیشیک چوبے ہیں۔ ابھیشیک نے 2010 میں نصیر الدین شاہ، ارشد وارثی اور ودیا بالن کی ہٹ فلم ’عشقیہ‘ کی بھی ہدایت دی تھیں۔

میڈیا میں یہ خبر آئی کہ ’ڈیڑھ عشقیہ‘ میں مادھوری اور نصیر کے درمیان کچھ بوس و کنار کے مناظر ہیں۔ بی بی سی نے ابھیشیک سے پوچھا کہ کیا اس بات میں کوئی حقیقت ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ابھیشیک کہتے ہیں: ’یہاں بات کا بتنگڑ بنا دیا گیا ہے۔ فلم میں مادھوری اور نصیر ایک دوسرے کے عاشق ضرور ہیں لیکن دونوں کے درمیان کوئی شہوت انگیز منظر نہیں ہیں۔ ہاں دونوں کے درمیان رومانوی مناظر ضرور ہیں۔‘

چلیے مان لیتے ہیں ابھیشیک کی بات لیکن مادھوری اور نصیر کے درمیان جو رومانوی مناظر ہیں، ایسے سین کو فلمانے سے قبل کیا انہیں ان دونوں فنکاروں کو کچھ ہدایات دینی پڑیں؟

انھوں نے دونوں کی اداکاری کے جوہر کی تعریف کرتے ہوئے کہا: ’ارے یہ دونوں تب سے فلموں میں رومانس کر رہے ہیں جب میں لنگوٹ پہن کر گھوما کرتا تھا۔ یہ دونوں اداکاری میں ماہر ہیں۔‘

امیتابھ سیریل میں؟

Image caption امیتابھ بچن اداکاری کے ہر میدان میں اپنی چھاپ چھوڑنا چاہتے ہیں

ٹیلی ویژن پر امیتابھ بچن کا آنا کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ سے لے کر ’بگ باس‘ اور ٹی وی اشتہارات ہر جگہ امیتابھ بچن چھائے رہتے ہیں لیکن بہت جلد ان کو ایک نئے رول میں دیکھا جا سکتا ہے۔

امیتابھ بچن ایک ٹی وی سيریل میں اداکاری کرتے نظر آئیں گے جن کی تخلیقی ہدایت انوراگ کشیپ دے رہے ہیں۔

دیگر سیریلز کے مقابلے یہ سیریل محدود قسطوں پر مبنی ہوگا۔ اس سیریل کے بنانے میں امیتابھ بچن کی کمپنی شراکت دار ہے۔

اگرچہ امیتابھ، انوراگ یا ٹی وی چینل میں سے کسی نے بھی فی الحال سيریل کی کہانی یا اس کے مرکزی خیال کے بارے میں بات نہیں کی ہے لیکن امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ گزشتہ چھ ماہ سے اس پروجیكٹ پر کام کر رہے ہیں۔

اسی بارے میں