شاہ رخ خان کےگھر ایک اور بیٹا ’ابرام‘

Image caption شاہ رخ خان کے پاس ان کی بیوی گوری خان سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی پہلے سے ہیں اور یہ بیٹا ایک سروگیٹ مدر یعنی کرائے کی ماں سے پیدا ہوا ہے

بالی وڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے اس بات کی تصدیق کی کہ کرائے کی کوکھ سے ان کےگھر ایک اور بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔

ان کی جانب سے اس سلسلے میں ایک بیان جاری کر کے بتایا گيا تھا کہ ایک وہ سروگيٹ مدر سے بچے کے باپ بنے ہیں۔

حالانکہ گزشتہ ہفتے جب میڈیا میں اس سے متعلق خبر آئی تھی تو انہوں نے اسے ایک ذاتی معاملہ بتا کر تبصرہ کرنےسے انکار کر دیا تھا۔

لیکن منگل کی شام کو ان کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گيا کہ ’اس خبر سے متعلق جو بھی شور شرابہ ہوا اس سب میں سب سے میٹھی آواز اپنے بچے ابرام (AbRam) کی لگی۔ اس کی پیدائش وقت سے پہلے ہی ساتویں مہینے میں ہوگئي تھی اور آخر کار وہ گھر آ گیا ہے‘۔

گزشتہ ماہ شاہ رخ خان کے اس بچے کے بارے میں یہ تناز‏عہ پیدا ہوا تھا کہ انہوں نے کوکھ میں ہی اس بچے کی جنس کا ٹیسٹ کروایا تھا۔ حکام نے اس کی تفتیش کا بھی حکم دیا تھا۔

لیکن شاہ رخ نے کہا تھا کہ انہوں نے ایسا کوئی ٹیسٹ نہیں کروایا تھا۔

ان کا کہنا تھا ’میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم نے بچے کا جنس ٹیسٹ نہیں کروایا۔ میڈیا اور کچھ تنظیموں نے اس سے متعلق جو بھی سوال اٹھائے تھے وہ میرے اس بیان سے واضح ہو جاتے ہیں‘۔

شاہ رخ نے کہا کہ ان کی بیوی گوری اور ان کا پورا خاندان بچے کی صحت کو لے کر کافی وقت سے پریشان تھے۔

شاہ رخ خان اس مسئلے پر پہلے خاموش رہے تھے اور کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔ لیکن اس کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ یہ معاملہ انتہائی ذاتی اور جذباتی تھا اس لئے انہوں نے اس پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

بھارت میں پیدائش سے قبل چونکہ بچے کی جنس کی شناخت پر پابندی عائد ہے، اس لیے اس خبر کی بنیاد پر محکمہ صحت کے افسران کو اس معاملے کی تفتیش کر نے کا حکم دیا گيا تھا۔

جس ہسپتال میں بچے کی پیدائش ہوئي اس ہسپتال اور ڈاکٹروں سے معافی طلب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ انہیں بعض حلقوں کی جانب سے کئی طرح کے سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ میں ان ڈاکٹروں، نرسوں اور میڈیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بچے کو زندگی دی‘۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان کے اس ذاتی لمحوں کی خوشیاں منانے میں ان کا ساتھ دیں۔ تاہم انہوں نے اس بات کو بدقسمتی سے تعبیر کیا کہ انہیں اس معاملے پر اتنی وضاحت پیش کرنی پڑي۔

شاہ رخ خان کے پاس ان کی بیوی گوری خان سے ایک بیٹا اور ایک بیٹی پہلے سے ہی تھے اور خبروں کے مطابق شاہ رخ خان اور ان کی اہلیہ گوری کو ایک اور اولاد سروگیٹ مدر یعنی کرائے کی ماں سے پیدا ہوئی ہے۔

اسی بارے میں