لیڈی گاگا سب سے زیادہ کمانے والی نوجوان

Image caption فوربز ہر سال فنکاروں کی آمدنی کا اندازہ اُن کے ایجنٹوں، مینیجروں اور پیشکاروں سے معلومات اکھٹی کر کے لگاتا ہے

فوربز جریدے کے مطابق امریکی گلوکارہ لیڈی گاگا تیس سال عمر سے کم کی معروف شخصیات میں سب سے زیادہ پیسے کمائے ہیں۔

گذشتہ بارہ ماہ میں گلوکارہ نے بیماری کی وجہ سے اپنا دورہ جزوی طور پر منسوخ کرنے کے باوجود تقریباً آٹھ کروڑ ڈالر کمائے۔

دو ہزار بارہ میں اس فہرست میں لیڈی گاگا چوتھے نمبر پر تھیں اور اوّل نمبر پر ٹیلر سوئفٹ تھیں جو کہ اس سال تیسرے نمبر پر آئی ہیں۔

دونوں سالوں میں دوسرے نمبر پر جسٹن بیبر رہے جنہوں نے اس سال تقریباً چھ کروڑ ڈالر کمائے ہیں۔

فوربز کا دعویٰ ہے کہ اگر لیڈی گاگا فروری میں اپنا دورہ منسوخ نہ کرتیں تو وہ اس سے بھی زیادہ پیسے کماتیں۔

حال ہی میں انھوں نے اپنی اگلی البم ’آرٹ پاپ‘ کا اعلان کیا ہے جو کہ نومبر میں ریلیز ہوگی جبکہ انیس اگست کو اس البم کا ایک گانا پیش کیا جائے گا۔

فوربز ہر سال فنکاروں کی آمدنی کا اندازہ اُن کے ایجنٹوں، مینیجروں اور پیشکاروں سے معلومات اکھٹی کر کے لگاتا ہے۔

فہرست کے پہلے پانچ فنکاروں میں کیلون ہیرس (ساڑھے چار کروڑ ڈالر) اور ریحانہ (سوا چار کروڑ ڈالر) بھی شامل ہیں۔

گذشتہ سال پہلی مرتبہ اس فہرست میں شامل ہونے والی برطانوی گلوکارہ ایڈل ڈھائی کروڑ ڈالر کے ساتھ اس مرتبہ آٹھویں نمبر پر ہیں۔

اس سال کے آغاز میں انھوں نے جیمز بانڈ کی فلم سکائی فال کے مرکزی گانے کے لیے آسکر انعام بھی جیتا تھا۔

فلم ہنگر گیمز کی سٹار جینیفر لارنس اس فہرست میں موسیقی سے تعلق نہ رکھنے والی سب سے کامیاب شخصیت ہیں۔ وہ ڈھائی کروڑ ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں۔

اس کے لیے علاوہ ٹوائیلائٹ سیریز میں کام کرنے والے کرسٹن سٹوئرٹ اور ٹیلر لاٹنر بھی اس فہرست کے دس کامیاب ترین افراد میں شامل ہیں۔ ان دونوں نے دو اعشاریہ دو کروڑ ڈالر کمائے۔

اسی بارے میں